ہنزہ میں بجلی کے نظام کی بہتری، 3 میگاواٹ مسگر ہائیڈرو پاور پلانٹ کی بحالی کا آغاز

جمعہ 25 ستمبر 2026 17:15

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2026ء) یورپی یونین ، آغا خان فاؤنڈیشن اور این پی اے کے انرجی نے ضلع ہنزہ میں بجلی کی خدمات میں بہتری کے لیے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کے نظام میں لاسز کم کرنے کے پہلے مرحلے کا افتتاح اور 3 میگاواٹ مسگر ہائیڈرو پاور پلانٹ کی بحالی کے کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ یہ اقدامات ’’انرجی پلس پروجیکٹ‘‘ کے تحت حکومت گلگت بلتستان کے اشتراک سے کیے جا رہے ہیں۔

لاس ریڈکشن پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت ہنزہ میں ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور میٹرنگ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا گیا ہے، جس کے تحت ایک نیا سب اسٹیشن و ٹرانسفارمر، 10 ٹرانسفارمر سب اسٹیشنز اور 55 اپ گریڈ شدہ ٹرانسفارمرز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ 25.3 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائنز، 86.5 کلومیٹر ڈسٹری بیوشن لائنز اور 460 کلومیٹر سروس لائنز بچھائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت شفافیت اور درست میٹرنگ کے لیے تقریباً 9 ہزار انرجی میٹرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے نتیجے میں ہنزہ میں سسٹم لاسز 47 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد رہ گئے ہیں جبکہ صارفین کو فراہم کی جانے والی وولٹیج 90 تا 130 وولٹ سے بہتر ہو کر 200 تا 220 وولٹ تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق بجلی کی کمی اور ٹرپنگ کے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملی ہے، جبکہ میٹرز کی جانچ کے لیے نئی انرجی میٹر لیبارٹری قائم کر دی گئی ہے اور جلد نیا بلنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

تقریب کے دوران ہنزہ کے سب سے بڑے 3 میگاواٹ مسگر ہائیڈرو پاور پلانٹ کی بحالی کے کام کا بھی باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ سول انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کے باعث پلانٹ اس وقت اپنی مجموعی صلاحیت کے تقریباً 30 فیصد پر کام کر رہا ہے۔ بحالی کے بعد پلانٹ سے مقامی سطح پر قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ہنزہ میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔