پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ ،غنی نے ایم آئی ٹی سلوشنز کو اننگز اور 140 رنز سے شکست دیدی

جمعرات 1 اکتوبر 2026 22:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2026ء) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے رائونڈ کے دوسرے روز غنی نے کپتان محسن ریاض کی شاندار سنچری کی بدولت ایم آئی ٹی سلوشنز کو اننگز اور 140 رنز سے شکست دے دی۔ پی سی بی کے مطابق غنی نے پہلی اننگز میں 416 رنز بنا کر 266 رنز کی برتری حاصل کی۔ محسن ریاض نے 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی پانچویں سنچری ہے۔

علی رزاق، شاداب خان اور خرم شہزاد نے بھی نصف سنچریاں سکور کیں۔ ایم آئی ٹی سلوشنز کے محمد اسماعیل نے غنی کے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تاہم ایم آئی ٹی سلوشنز کی ٹیم دوسری اننگز میں 126 رنز پر آل آئوٹ ہو گئی۔ علی شبیر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی وی کی ٹیم ایس این جی پی ایل کے خلاف مشکلات سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

ایس این جی پی ایل کی پہلی اننگز کے 347 رنز کے جواب میں پی ٹی وی کی ٹیم 153 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔

عبدالسبحان اور اطہر محمود نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔ او جی ڈی سی ایل نے سٹیٹ بینک کو میچ جیتنے کے لیے 124 رنز کا ہدف دیا ہے۔ او جی ڈی سی ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں 142 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ سٹیٹ بینک کے آفاق آفریدی نے 5 اور سراج الدین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سٹیٹ بینک کی ٹیم پہلی اننگز میں 215 رنز بنا سکی اور اسے صرف 19 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

او جی ڈی سی ایل کے آفتاب احمد نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کنگز مین اکیڈمی نے پہلی اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 643 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ محمد سلیمان نے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 182 رنز بنائے جبکہ سلمان علی آغا 145 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کے آر ایل کے سپنر عثمان طارق نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کے آر ایل نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا لیے تھے۔