مذاکرات کی ناکامی بدقسمتی، جھگڑا ہوا تو امن و سیاسی استحکام بہت دور ہو جائے گا. سعد رفیق

لانگ مارچ کی تاریخ کوئی آسمانی صحیفہ نہیں، معاہدہ ہونے دیں تاکہ اعتماد سازی کے اقدامات کی بنیاد رکھی جائے. سابق وفاقی وزیراور نون لیگی راہنما کی بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 اکتوبر 2026 14:40

مذاکرات کی ناکامی بدقسمتی، جھگڑا ہوا تو امن و سیاسی استحکام بہت دور ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اکتوبر ۔2026 ) مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی ناکامی بدقسمتی ہے، اب جھگڑا ہوا تو امن اور سیاسی استحکام کی منزل بہت دور ہو جائے گی. سعد رفیق نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اطلاع کے مطابق حکومتی ٹیم پورے مینڈیٹ کے ساتھ بیٹھی تھی، اپوزیشن ٹیم کا رویہ بھی مثبت رہا، حکومت نے 4 بار معاہدے کے ڈرافٹ میں تبدیلی کروائی، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے نئے ڈرافٹ نے معاہدے کو ختم کیا.

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی مطالبہ لانگ مارچ کے التوا اورریاستی اداروں سے تعاون تھا، پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ ملتوی کیا جا سکتا تھا اور حکومتی وعدے پورے نہ ہونے پرلانگ مارچ دوبارہ کیا جا سکتا تھا. انہوں نے کہا کہ معاہدہ ہو جانے کی صورت میں عمران خان سے اہل خانہ اور وکلا کی ملاقات کا راستہ کھل جاتا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور اپوزیشن لیڈرکے رویے نے ماحول بگاڑ دیا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اس سے پہلے بھی کئی مواقع ضائع کر چکی ہے، ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا ، اپوزیشن لانگ مارچ ملتوی کرے ، انسانی جانیں اور امن تمام اہداف سے اہم ہیں.

سعد رفیق نے کہا کہ بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ اور عامر ڈوگر ساتھیوں کو سمجھائیں، لانگ مارچ کی تاریخ کوئی آسمانی صحیفہ نہیں، معاہدہ ہونے دیں تاکہ اعتماد سازی کے اقدامات کی بنیاد رکھی جائے.