لاہور چیمبر کی قیادت کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم

مضبوط صنعتی بنیاد پائیدار معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے‘ علی حسام اصغر ، عثمان غنی ، خادم حسین

پیر 5 اکتوبر 2026 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2026ء) صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نائب صدر خادم حسین چودھری نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں اور اس کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔

ملاقات میں سابق لاہور چیمبر صدور میاں مصباح الرحمن ، عرفان اقبال شیخ، سابق سینئر نائب صدور ناصر حمید خان، رحمان عزیز چن، سابق نائب صدر حارث عتیق، صابر حمید، چودھری امجد علی، میاں سہیل نثار، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران طارق محمود، ذوالفقار علی چودھری، علی رضا، شہزاد علی شاہ، شاہ بہرام، سید عظمت علی، میاں مقبول، محمد عمر عبداللہ، چودھری شہاب بشارت، محمد یاسین ،شہزاد محمود اور ساحر مشتاق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداران نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نیک خواہشات اور اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر نے کہا کہ لاہور چیمبر قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت تمام صنعتی علاقوں کو بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کرے گا اور صنعتی سرگرمیوں کی راہ میں حائل مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعت ملکی معاشی ترقی کی بنیاد ہے اور پیداوار میں اضافے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، برآمدات بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے کہا کہ لاہور چیمبر صنعتی شعبے کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ مضبوط صنعتی بنیاد پائیدار معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے، اس لیے ایسی پالیسیاں تشکیل دی جانی چاہئیں جو نئی سرمایہ کاری، موجودہ صنعتی یونٹس کی توسیع اور نئے صنعتی منصوبوں کے قیام میں سہولت فراہم کریں۔

نائب صدر خادم حسین چودھری نے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کا فوری حل لاہور چیمبر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صنعتکاروں کو بہتر انفراسٹرکچر، قابل اعتماد یوٹیلیٹیز، آسان اور تیز رفتار ریگولیٹری طریقہ کار اور مستحکم پالیسی ماحول فراہم کیا جانا ضروری ہے تاکہ وہ طویل المدتی سرمایہ کاری کے فیصلے اعتماد کے ساتھ کر سکیں۔

علی حسام اصغر، سردار عثمان غنی اور خادم حسین چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کے مسائل متعلقہ حکومتی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ نجی شعبہ ملکی معاشی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے جبکہ چیمبرز آف کامرس اور صنعتی ایسوسی ایشنز مل کر پالیسی سازوں کو عملی اور قابلِ عمل تجاویز فراہم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ویلیو ایڈڈ مصنوعات اور برآمدات کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کو صنعتی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے، معیار میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی اپنانے اور عالمی منڈیوں سے مضبوط روابط قائم کرنے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔وفد کے ارکان نے لاہور چیمبر کی نومنتخب قیادت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ لاہور چیمبر صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے مؤثر پلیٹ فارم کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ صنعت و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے لاہور چیمبر کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔