نیشنل بنک نے گزشتہ سال کی مالیاتی سٹیٹمنٹس کی منظوری دیدی، حصص کی قیمت 2روپے فی شیئر رہی، مجموعی منافع میں 4ارب90کروڑ روپے کی کمی ہوئی،اندرونِ ملک کھاتوں میں 10فیصد اضافہ ہوا، مالی حالت مستحکم ہے ،ایک کھرب 56ارب 30کروڑ رپے کے مالی ذخائر موجود ہیں؛اعلامیہ جاری

بدھ 5 مارچ 2014 07:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)نیشنل بنک آف پاکستان نے 31دسمبر 2013کو ختم ہونے والے سال کی مالیاتی سٹیٹمنٹس کی منظوری دے دی ہے ،جبکہ گزشتہ سال کیلئے حصص کی مالیت کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جس کے مطابق حصص کی قیمت 2روپے فی شیئر رہی، بنک کے مجموعی منافع میں 4ارب90کروڑ روپے کی کمی ہوئی، بنک کے اندرونِ ملک کھاتوں میں 10فیصد اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز کراچی میں نیشنل بنک آف پاکستان کے ہیڈ آفس میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں بتا یا گیا کہ گزشتہ سال کے دوران بنک کا مجموعی منافع 27ارب 50کروڑ روپے رہا جو2012کے دوران 32ارب 40کروڑ روپے تھا،اس طرح بنک کے مجموعی منافع میں 4ارب90کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔اجلا س کو بتایا گیا کہ شرح سود میں کمی کی وجہ سے بنک کے ٹیکس ادائیگی سے قبل خالص منافع میں بھی 7ارب دس کروڑ روپے کی کمی ہوئی ۔بیلنس شیٹ میں بنک کی مجموعی ترقی کی شرح حوصلہ افزاء رہی جس کے مطابق اندرونِ ملک بنک کے کھاتوں میں 10فیصد اضافہ ہوا ۔اعلامیے کے مطابق نیشنل بنک کی مالی حالت مستحکم ہے اور اس کے پاس ایک کھرب 56ارب 30کروڑ رپے کے مالی ذخائر موجود ہیں۔