لاہور،چیئرمین پی سی بی نے معین خان کی وضاحت قبول کر لی،چیف سلیکٹر برقرار رہیں گے،بیوی کے ساتھ کھانا کھا کر واپس آگیا ،کوئی جواء نہیں کھیلا ،معین خان کی وضاحت ،ہماری تفتیش کے مطابق معین خان نے پی سی بی کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ،کسینو جانے پر معین خان شرمندہ ہیں اور قوم سے معافی مانگ چکے ہیں ،شہریار خان ،دسمبر میں پاک بھارت سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی ،ایم اویوز پر دستخط ہوگئے،بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں،کوشش ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کو بحال کیا جائے ،چیئرمین پی سی بی کی معین خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 4 مارچ 2015 08:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مارچ۔2015ء)چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے چیف سلیکٹر معین خان نے ملاقات کی ہے،یہ ملاقات آدھے گھنٹے تک جاری رہی ،ملاقات میں معین خان نے آسٹریلیا میں کسینو جانے پر تفصیل سے آگاہ کیا ۔معین خان نے دوران ملاقات کسینو جانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور اس کی بیوی کسینو گئے تھے جہاں پر کھانا کھانے کے بعد فوراً واپس آگئے اس واقعہ پر معین خان نے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پوری قوم سے معافی مانگ لی ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے چیف سلیکٹر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معین خان سے آدھے گھنٹے تک ملاقات کی ہے اور اس سے آسٹریلیا میں کسینو جانے پر تفصیلی وضاحت مانگی تھی ۔

(جاری ہے)

معین خان نے وضاحت میں کہا ہے کہ وہ اور اس کی بیوی کسینو گئے تھے اور کھانا کھانے کے بعد فوراً واپس آگئے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران کسینو میں انہوں نے کوئی جواء نہیں کھیلا اور وہ کسینو جانے پر شرمندہ ہیں ۔معین خان نے دوران ملاقات کہا ہے کہ کسینو جانے پر پوری قوم سے معافی مانگ چکا ہوں میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اور نہ ہی میں نے کسینو جاکر جواء کھیلاہے ،میرے کسینو جانے پر قوم کو تکلیف پہنچی ہے جس پر میں قوم سے معافی کا طلب گار ہوں ۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ معین خان کی وضاحت کے بعد ان سے کہا ہے کہ وہ ایسی جگہ نہ جاتے جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہمیں شرمندگی اٹھانا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ہم معین خان کے کسینو جانے پر مکمل تفتیش کی ہے اور معین خان نے جو وضاحت کی ہے بالکل ٹھیک ہے ۔معین خان نے کسینو جا کر غلطی کی ہے جس پر وہ قوم سے معافی مانگ چکے ہیں لیکن انہوں نے پی سی بی کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے ۔کسینو جانے کا معاملہ اب ختم ہوگیا ہے ۔ہم نے معین خان کی وضاحت کو قبول کر لیا ہے۔معین خان قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہیں اور رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ معین کو آسٹریلیا واپس نہیں بھیجا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ معین خان کے کسینو جانے پر کوئی ویڈیوز سامنے نہیں آئی ہے اگر ایسی کوئی بات ہے تو اس معاملے کوتفصیل کے ساتھ دیکھیں گے۔صحافیوں کے سوال کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کررہے ہیں کہ بین الاقوامی کرکٹ کو بحال کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز آئی سی سی کے صدر سری نواسن سے ملاقات ہوئی ہے اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات میں پاک بھارت سیریز کھیلنے پر اتفاق ہوگیا ہے ۔

یہ سیریز دسمبر میں کھیلی جائے گی جس کے لئے ایم او یوز پر دستخط بھی ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی بات کی ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان بنگلہ دیش میں آ کر کھیلے اور تاحال وہ پاکستان آنے کو تیار نہیں ہیں ۔