سردار یوسف نے حج کوٹہ سے پانچ فیصدحصہ مانگ لیا ، پرائیویٹ حج ٹورز آپریٹرز کے کوٹے سے پانچ فیصد کٹوتی کرکے کوٹہ میرے لئے مخصوص کیا جائے،وفاقی وزیر کا افسروں کو حکم،سیکرٹری مذہبی امور اور دیگر افسران نے حکم ماننے سے معذرت کرلی،معاملہ وزیراعظم کی واپسی تک موخر کرنیکی استدعا

جمعرات 10 مارچ 2016 09:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج کوٹہ میں سے پانچ فیصد ذاتی کوٹہ طلب کرلیا ہے تاہم وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سہیل عامر مرزا اور دیگر افسران نیوفاقی وزیر کا حکم ماننے سے معذرت کرلی ہے۔ خبر رساں ادارے کو حج ٹور آپریٹرز کے ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز جائزہ کمیٹی برائے حج 2016 ء کا اجلاس وزارت مذہبی امورمیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نے وزارت حج امور کے افسران کو ہدایت کی کہ پرائیویٹ حج ٹورز آپریٹرز کے کوٹے سے پانچ فیصد کٹوتی کرکے وہ کوٹہ ان کے نام مخصوص کیا جائے تاکہ وہ یہ کوٹہ حکومتی جماعت کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ دیگر سیاسی رہنماؤں کو جاری کر سکیں۔

(جاری ہے)

مگر اس موقع پر وفاقی سیکرٹری حج امور سہیل عامر مرزا اور دیگر افسران نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ یہ معاملہ پہلے ہی عدالت عالیہ سندھ میں زیر سماعت ہے جس میں کسی بھی قسم کا کوٹہ کسی اور کو دینے پر پندرہ مارچ تک حکم امتناعی جاری رکھا ہے مگر وفاقی وزیر بضد تھے کہ نہیں ہر صورت پانچ فیصد کوٹہ دیا جائے اور اس سلسلہ میں جو بھی پالیسی بنائی جاسکتی ہے اسے بنایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور حج کے افسران نے وفاقی وزیر کے اس غیر آئینی حکم کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے ان سے گزارش کی کہ وزیراعظم پاکستان جو غیر ملکی دورے پر سعودی عرب گئے ہوئے ہیں کی واپسی تک اس مسئلہ کو التواء میں رکھا جائے تاکہ یہ معاملہ ان کے نوٹس میں لایا جائے مگر وفاقی وزیر نے سختی سے حکم دیا ہے کہ انہیں ہر صورت پانچ فیصد کوٹہ ذاتی استعمال کیلئے ملنا چاہیے خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اپنے قریبی ساتھیوں کو حج کوٹہ میں نوازنا چاہتے ہیں جبکہ وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ افسران اس معاملے میں ان سے تعاون کرنے سے انکاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :