کلرکہار،تین افراد سعودی عرب میں بنا کسی جرم کے جیل میں قید لواحقین سراپا احتجاج بن گئے

پیر 16 جنوری 2017 11:27

کلرکہار( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جنوری۔2017ء) تحصیل کلرکہار سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو سعودی عرب میں بنا کسی جرم کے جیل میں قید کرنے پر ان کے لواحقین سراپا احتجاج بن گئے تفصیلات کے مطابق کلرکہار کے گاؤں بوچھال خورد کے رہائشی طارق رحمن،خیر پور کے رہائشی عمر اقبال اور دلیل پور کے ارشد محمود کو کئی ماہ سے بنا کسی وجہ کے سعودیہ کی جیل میں 7ماہ سے بند کر دیا گیا ان کا قصور یہ تھا کہ وہ کفیل کے جبر سے تنگ آکر وطن واپس آنا چاہتے تھے جس پر کفیل نے ان پر لین دین کا من گھڑت مقدمہ درج کرا دیا حالانکہ ان کو تو4,4 ماہ سے تنخواہ ہی نہیں دی گئی تھی، ان کو جیل میں قید کاٹتے ہوئے7 ماہ سے زائد ہو چکے ہیں اور ان کے لواحقین کے مطابق ان کو ان کے حوالے سے کوئی علم نہیں ، اپنے وڈیو پیغام میں تینوں قیدیوں نے بتایا ہے کہ ان کے ساتھ جیل میں انتہائی ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور سفارت خانے والے بھی ان کی ایک نہیں سن رہے انہوں نے وزارت خارجہ سے اپیل کی ہے کہ ان کی داد رسی کی جائے جبکہ ان کے لواحقین نے بھی حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام سے اس کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے