جنوبی بحیرہ چین میں روکا گیا تو جنگ چھڑ سکتی ہے‘ریکس ٹلرسن

امریکہ کو چین کی جنوبی بحیرہ چین کے جزائر تک رسائی کو روکنا ہوگا، نامزد امریکی وزیر خارجہ اپنے علاقوں میں ہر کارروائی کا حق ہے ،چین

پیر 16 جنوری 2017 11:45

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جنوری۔2017ء)چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے جنوبی بحیرہ چین میں ان مصنوعی جزائر تک چین کی رسائی کو روکنے کی کوشش کی جنھیں چین نے حالیہ برسوں میں بنایا ہے تو اس سے تباہ کن محاذ آرائی شروع ہو سکتی ہے۔چین کے دو سرکاری اخبارات، گلوبل ٹائمز اور چائنا ڈیلی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو اس سے ایک خوفناک جنگ شروع ہو سکتی ہے۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا ردعمل امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے سینیٹ کی کمیٹی کے سامنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ کو چین کی جنوبی بحیرہ چین کے جزائر تک رسائی کو روکنا ہوگا۔امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ نے اپنے بیان کی وضاحت نہیں کی ہے کہ امریکہ بحیرہ جنوبی چین میں جزائر تک چین کی رسائی کو کیسے روکے گا۔

(جاری ہے)

گلوبل ٹائمز نے اپنے اداریے میں خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے بحیرہ جنوبی چین میں جزائر تک چین کی رسائی کو روکنے کی کوشش کی تو اس سے خوفناک جنگ جنم لے گی۔امریکہ اور مغربی دنیا کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں کئی چٹانوں پر مصنوعی جزیرے تیار کر کے وہاں اپنے فوجی اڈے قائم کر رہا ہے۔چین تمام بحیرہ جنوبی چین کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے جبکہ تائیوان اور ویت نام سمیت علاقے کے کئی دوسرے ممالک چین کے حق کو تسلیم نہیں کرتے۔

امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے چین کی جانب سے بحیرہ جنوبی چین میں چین کے جزائر کو یوکرائن کے جزیرے کرائمیا سے موازنہ کیا جسے روس نے یوکرائن میں پیدا ہونے والی بدامنی کیبعد اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔ریکس ٹلرسن نے سینیٹ کمیٹی کی سماعت کے دوران کہا 'ہمیں چین کو واضح پیغام دینا ہوگا کہ اسے جزائر کی تعمیر کو روکنا ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا:'چین کو ان جزائر تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

'نامزد امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر چین کا سرکاری ردعمل دھیما اور محتاط تھا۔ دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوگانگ نے کہا کہ چین کو اپنے علاقوں میں ہر کارروائی کا حق ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان سے جب خصوصی طور پر امریکہ کے نامزد وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرنے لیے کہا گیا تو انھوں نے کہا کہ وہ مفروضوں پر مبنی سوالوں کے جواب نہیں دیں گے۔

لیکن چائنا ڈیلی اور گلوبل ٹائمز کے تبصرے غیر مبہم اور واضح ہیں۔چائنا ڈیلی نے کہا کہ ریکس ٹلرسن کا بیان نامزد وزیر خارجہ کی چین۔امریکہ تعلقات کی باریکیوں اور سفارت کاری میں ان کی ناتجربہ کاری کی غمازی کرتا ہے۔چائنا ڈیلی نے کہا کہ ایسے بیانات نامزد وزیر خارجہ کی 'سادگی، کوتاہ نظری، گھسے پٹے تعصبات اور غیر حقیقی سیاسی خوابوں کا ایک مجموعہ ہے جسے زیادہ سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

'چائنا ڈیلی نے مزید لکھا کہ اگر امریکہ نے حقیقت میں ان خیالات کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔گلوبل ٹائمز نے لکھا کہ ریکس ٹلرسن نے یہ بیان اس لیے دیا کہ سینٹیروں کو خوش کر کے اپنی نامزدگی کی توثیق کرو ا سکیں۔گلوبل ٹائمز نے لکھا کہ چین اس کو یقینی بنائے گا کہ ان کی جنگجوانہ باتوں کو عملی شکل نہ دینے دے۔

گلوبل ٹائمز نے لکھا کہ اگر امریکہ سمجھتا ہے کہ وہ باقاعدہ جنگ کے بغیر ہی چین کی بحیرہ نوبی چین کے جزائر تک رسائی روک سکتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔اوباما انتظامیہ نے بحیرہ جنوبی چین میں چینی کارروائیوں پر سخت موقف اپنائے رکھا اور اپنے بحری جہازوں کو ان علاقوں میں بھی بھیجا لیکن اس نے کبھی بھی چین کی ان جزائر تک رسائی کو روکنے کی بات نہیں کی ہے۔

متعلقہ عنوان :