شامی باغیوں نے دولت اسلامیہ کے زیرِ قبضہ ہوائی اڈے کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا

پیر 27 مارچ 2017 14:43

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء)امریکہ کی حمایت والے شامی باغیوں نے خود کو دولت اسلامیہ کہنے والی تنظیم سے ان کے مضبوط گڑھ رقہ کے قریب ایک اہم ایئربیس کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا،ایئر بیس پر قبضے کو جہادیوں کو شہر سے مار بھگانے کے سمت میں اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی حمایت والے شامی باغیوں نے خود کو دولت اسلامیہ کہنے والی تنظیم سے ان کے مضبوط گڑھ رقہ کے قریب ایک اہم ایئربیس کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔

خیال رہے کہ دولت اسلامیہ نے رقہ کو اپنا دارالحکومت قرار دے رکھا ہے۔شامی جمہوری فورس (ایس ڈی ایف) کے ایک ترجمان طلال سلو نے بتایا کہ انھوں نے جنگجوں سے طبقہ ایئرپورٹ حاصل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

کرد کی قیادت والے جنگجوں کی شہر کی جانب پیش رفت جاری ہے۔بہرحال انسانی حقوق کے اداروں نے اس علاقے میں رہنے والے شہریوں کی حفاظت کے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

شام کے متعلق برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران فضائی حملوں میں کم از کم 89 افراد مارے جا چکے ہیں۔ فوجی ہوائی اڈے پر قبضے کو باغیوں کے اتحاد کی بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ دولت اسلامیہ کے جنگجوں نے طبقہ ایئربیس کو شامی افواج سے سنہ 2014 میں چھین لیا تھا اور انھوں نے کریہ مظالم کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرفتار شدہ فوجیوں کا قتل عام کیا تھا۔

اس پیش رفت کا مقصد شام کے سب سے بڑے ڈیم کا کنٹرول حاصل کرنے کے علاوہ طبقہ شہر پر قبضہ کرنا بھی شامل تھا۔اس سے قبل دولت اسلامیہ کے جنگجوں نے کہا تھا طبقہ ڈیم ٹوٹنے والا ہے جس سے علاقے میں شدید سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا تھا۔ لیکن ڈیم بظاہر درست حالت میں نظر آ رہا ہے۔امریکہ کی قیادت والے اتحاد نے دولت اسلامیہ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا فضائی حملے میں ڈیم کو نقصان پہنچا ہے اور وہ ٹوٹنے کے دہانے پر ہے۔

ایک ترجمان نے بتایا کہ ہماری معلومات کے مطابق ڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور اتحاد اس کی سلامتی چاہتا ہے کیونکہ یہ شام کے باشندوں کے لیے پانی کا انتہائی اہم زخیرہ ہے۔'بہرحال اتوار کو دونوں جانب سے اس کے متعلق متضاد خبریں آئی ہیں۔حالیہ دنوں اقوام متحدہ نے متنبہ کیا تھا کہ اگر اسے نقصان پہنچتا ہے تو علاقے میں بڑے پیمانے پر سیلاب آ سکتا ہے۔