تحریک انصاف نے سپیکر قومی اسمبلی کے نام مراسلہ بھیج دیا

مراسلے میں ختم نبوت قانون میں ترمیم پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لانے اور ایوان میں اس پر بحث کا مطالبہ

ہفتہ 20 جنوری 2018 21:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 20 جنوری 2018ء)تحریک انصاف نے سپیکر قومی اسمبلی کے نام مراسلہ بھیج دیا۔مراسلے میں ختم نبوت قانون میں ترمیم پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لانے اور ایوان میں اس پر بحث کا مطالبہ کیا گیا ہے۔مراسلہ رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی جانب سے تحریر کیا گیاہے۔انہوں نے مراسلے میں کہا ہے کہ ختم نبوت ہمارے ایمان اور دین کی بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

کوئی کلمہ گو خواب میں بھی اس سے انحراف کا نہیں سوچ سکتا۔اسی اسمبلی میں ختم نبوت کا بل منظور ہوا تھا۔ افسوس کہ اسی اسمبلی میں ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کی شرمناک جسارت کی گئی۔حکمران جماعت نے خود اپنی ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیکن مقررہ مدت گزر جانے کے باوجود اس کمیٹی کی تحقیقات کو اج تک منظر عام پر نہیں لایا گیا۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ آخر یہ مذموم حرکت کس لابی کو خوش کرنے کے لیئے کی گئی تھی۔مذکورہ کمیٹی کی رپورٹ فوری سامنے لائی جائے اور ایوان میں اس پر بحث کی جائے۔