زینب قتل کیس میںملوث ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کر کے قصور کو شہریوں کے تعاون سے امن کاگہوارہ بنایا جائے گا،ڈی پی اوزاہد نواز مروت

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:10

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 20 جنوری 2018ء)ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہا کہ زینب قتل کیس میںملوث ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کر کے ضلع قصور کو شہریوں کے تعاون سے امن کاگہوارہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ایس ایچ او زکیساتھ کرائم میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ،ڈی ایس پی سٹی سعید احمد ،ڈی ایس پی صدر اکرم باجوہ،اے ایس پی چونیاں عمران خاں ،ڈی ایس پی پتوکی علی اختر انصاری،ڈی ایس ہیڈکوارٹرعمران نواز خاں،ڈی ایس پی ٹریفک رئیس احمد اور انچارج پرانچز دفتر ڈی پی او موجود تھے۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ شائشتہ رویہ اختیارکریںکسی بھی نا جوازی اور زیادتی پر قصور وار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا تفتیش مقدمات کیلئے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوبروئے کار لایا جائے گا، تفتیش میں میرٹ اولین ترجیح ہے،تفتیش میں بددیانتی کسی صورت معاف نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ناجائز حراست،اخفاء جرائم ،جھوٹے مقدمات کا اندراج اور تھانوں میں کرپشن کی معمولی شکایت کوبھی قطعاًبرداشت نہیں کیا جائے گا ۔

مجرمان اشتہاریوں ، ڈاکوئوں،منشیات فروشوں ،جووئے کے اڈوں ،قحبہ خانوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈائون ہوگا ۔دریں اثناء ڈی پی اوقصور نے شہر قصور میں امن وامان کے قیام کویقینی بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو مستحکم کرنے کیلئے شہر قصور کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا، انجمن تاجراں شہر قصور کے عہدیداران، امن کمیٹی کے ممبران،سول سوسائیٹیزاور صحافی حضرات ودیگر شہری بھی انکے ہمراہ تھے اس موقع پرڈی پی اوقصور نے زینب قتل کیس میں پولیس کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کے متعلق آگاہ کیا اور مزید کہا کہ سفاک ملزم کی گرفتار ی کیلئے پولیس کا ساتھ دیںدرندہ صفت ملزم کسی معافی کا مستحق نہیں اور انشاء اللہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے شہر کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،جس پر تمام تنظیموں نے پولیس کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ہم پولیس کیساتھ شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ عنوان :