سعودی اتحادی فوج کا اب تک کا سب سے بڑا حملہ

اتحادی جنگی طیاروں کے علاوہ جنگی بحری جہازوں سے بھی حملے شروع کر دئیے

بدھ 13 جون 2018 15:27

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 13 جون 2018ء) سعودی اتحادی فوج نے یمن میں اب تک کی جنگ کا سب سے بڑا حملہ کر دیا، اتحادی جنگی طیاروں کے علاوہ جنگی بحری جہازوں سے بھی حملے شروع کر دئیے گئے۔غیر ملکی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی سربراہی میں عسکری اتحاد کے دستوں نے جنگ زدہ ملک یمن کے مرکزی بندرگاہی شہر حدیدہ پر ایک بڑا حملہ شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حملے کو عرب ریاستوں کے فوجی اتحاد اور ایران نواز حوثی باغیوں کے درمیان تین سالہ جنگ کے دوران اب تک کی سب سے بڑی لڑائی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دوران حدیدہ پر اتحادی جنگی طیاروں کے علاوہ جنگی بحری جہازوں سے بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔ ان حملوں میں اتحادیوں کے وہ زمینی دستے بھی مدد کر رہے ہیں، جو بحیرہ احمر کی اس بندرگاہ کے جنوب میں بڑی تعداد میں جمع ہیں۔ یہ بات یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ جلاوطن حکومت کے ایک بیان میں بتائی گئی ہے۔