عمران خان کے ساتھ مل کر آئندہ حکومت بنائوں گا ، شیخ رشید احمد

نواز شریف کو نافرمان بیٹی کی وجہ سے سزا مل رہی ہے ،ڈرتا ہوں یہ لوگ مجھے الیکشن سے پہلے مروا نہ دیں ، غیر ملکی قوت کو پیسے دے کر یہ مجھے مروا سکتے ہیں ، سربراہ عوامی مسلم لیگ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 13 جون 2018 23:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 13 جون 2018ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ مل کر آئندہ حکومت بنائوں گا ، نواز شریف شعبدہ باز ہیں ، نواز شریف نے سازش کے تحت وکیل کو دستبردار کرایا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں ۔

نواز شریف کو نافرمان بیٹی کی وجہ سے سزا مل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے سپریم کورٹ سے اپنے حق میں آنے والے فیصلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ دو ایک کا نہیں بلکہ تین زیرو کا آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نہیں جو 3 سال تک انتظار کروں جو شخص غلط ہے اس کو انجام تک پہنچا کر دم لیتاہوں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ میری اہلیت کے فیصلے پر راولپنڈی میں اربوں روپے کا جوا کھیلا گیا ۔ پہلے کہہ چکا تھا فیصلہ میرے خلاف بھی آیا تو شور نہیں مچائوں گا ۔ آنے والے الیکشن قوم کے پاس چوروں کے خلاف لڑنے کا آخر موقع ہے ۔ ڈرتا ہوں یہ لوگ مجھے الیکشن سے پہلے مروا نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قوت کو پیسے دے کر یہ مجھے مروا سکتے ہیں ۔