Aakhri Dawat - Article No. 935

آخری دعوت - تحریر نمبر 935
وہ بھوکا تھااور کسی محفوظ ٹھکانے کی تلاش میں بھی تھا۔ مارے جانے کاخطرہ ہرطرف سے اسے اپنی طرف بڑھتا ہوا محسوس ہورہاتھا۔
منگل 31 مئی 2016
وہ بھوکا تھااور کسی محفوظ ٹھکانے کی تلاش میں بھی تھا۔ مارے جانے کاخطرہ ہرطرف سے اسے اپنی طرف بڑھتا ہوا محسوس ہورہاتھا۔ وہ کونوں کھدروں میں چھپتا چھپا تا کوئی محفوظ ٹھکانا ڈھونڈ رہاتھا۔ جیسے ہی وہ ایک گلی کاموڑمڑ کے ایک کھلی سڑک پر آیا، اسے ایک دیوار میں سوراخ نظر آگیا۔ وہ سمٹ سمٹا کراس سوراخ سے اندر داخل ہوگیا۔ جونہی اس کی آنکھیں اندھیرے میں دیکھنے کے قابل ہوئیں۔ حیرت اور خوشی سے وہ اچھل پڑا۔ یہ رنگوں اور خوشبوؤں کی ایک انوکھی دنیا تھی، جہاں ہر طرف کھانے کی مزے مزے کی چیزیں سجی ہوئی تھیں۔ ایک طرف کیک، پیسٹریاں ، بسکٹ اور کریم رول اپنی بہاردکھا رہے تھے دوسری طرف لذیذمٹھائیاں اسے للچارہی تھیں۔ ایک طرف کاغذ والے دودھ کے ڈبے رکھے تھے تو کہیں پھلوں کے رس کے ڈبے اسے لبھارہے تھے۔
(جاری ہے)
پہلے تو اسے اپنی آنکھوں پہ یقین ہی نہیں آیا۔ اس نے پلکیں جھپک جھپک کے دیکھا کہ کہیں یہ خواب تو نہیں ۔ وہ بے تابی سے آگے بڑھا۔ چیزیں اتنی تھیں کہ اس کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ پہلے کیا چیز کھائے۔ چیزوں کاایک جہاں تھا اور بس وہ تھا۔ وہ ایک چیز تھوڑی سی چکھتا اور پھردوسری کی طرف لپکتا۔ ابھی اسے کھارہاہوتا کہ تیسری کی کشش اسے اپنی طرف کھینچ لیتی۔ کھاتے کھاتے اسے پیاس لگی تو دودھ کے ڈبوں کی طرف لپکا۔ ایک ڈبے میں سوراخ کرکے جی بھر کر دودھ، پیا، پھرمٹھائیاں پر ہلہ بول دیا۔ گلاب جامن، برفی، بالوشاہی، قلاقند،لڈو، چم چم، رس گلے ڈھیر سارے موجود تھے۔ وہ کھا رہاتھا اور ناچ رہاتھا۔ اس نے اتنا کھایا کہ پیٹ بھرگیا۔ اب وہ اپنے بوجھل پیٹ کے ساتھ آہستہ آہستہ چیزوں کی طرف بڑھتا تھوڑاسا چکھتا اور دوسری طرف بڑھ جاتا۔
نہ جانے کتنا وقت گزرگیا۔ اس پہ سستی طاری ہونے لگی۔ اس نے سوچا اب یہاں سے چلاجائے، مگر اس مزے دار میٹھی دنیاکے آخری کونے سے ایک مسحور کن مہک نے اسے اپنی طرف کھینچ لیا۔ یہ سوندھی سوندھی خوشبوسب خوشبوؤں سے انوکھی سب سے الگ تھی۔ اس کی تیز نظروں نے اس جگہ کو دیکھ لیا، جہاں سے یہ خوشبو آرہی تھی۔ یہ گھی میں تلی سرخ سرخ روٹی کابڑا ساٹکڑا تھا، جولوہے کی ایک عجیب سی چیز کے ساتھ پڑا تھا۔ اگرچہ اس کامعدہ گلے تک بھر چکاتھا، ،مگر ڈھیر ساری میٹھی چیزیں کھانے کے بعد مزے دار روٹی کاذائقہ چکھنے سے وہ خود کو نہ روک سکا۔ وہ بے تابی سے وہاں جاپہنچا اور جیسے ہی روٹی کے ٹکڑے کوکھانا، چاہا، ایک پُراسرار سی چیز تیزی سے اس کے سر کی طرف آئی۔ اس نے خود کو اس کی زد سے بچانا چاہا، مگر بھرے سے پیٹ اور غنودگی کی وجہ سے وہ پیچھے نہ ہٹ سکا اور ایک خوف ناک آواز کے ساتھ پلک جھپکتے ہی اس کی گردن ایک آہنی شکنجے میں جکڑ گئی۔ اس کی آنکھیں حیرت کا گہرا تاثر لیے کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ اس حیرت میں ایک رنگ پچھتاوے کا بھی تھا کہ اے کاش میں اتنالالچ نہ کرتا۔ پھر اس کا دم گھٹتا چلا گیا۔
دوسری صبح بیکری کے مالک نے اپنی دکان کاشٹر اٹھایا تو ایک کونے میں لوہے کے شکنجے میں پھنسے چوہے کو دیکھ کر اس کے چہرے پر مسکراہٹ آگئی۔ اس نے آگے بڑھ کر مردہ چوہے کو اٹھاکر کچرے کی ٹوکری میں پھینک دیااور دکان میں گھوم کراس نقصان کاجائزہ لینے لگا، جو اس بن بلائے مہمان کی وجہ سے ہوا تھا۔
Browse More Moral Stories

مظلوم بھوت
Mazloom Bhoot

اہم چیز
Eheem Cheez

بادشاہ کاانوکھالباس
Badshah Ka Anokha Libas

دو اُستاد
Do Ustad

چٹورا ٹنکو
Chatora Tinku

قصہ ایک بھیڑیے کا
Qissa Aik Bheriye Ka
Urdu Jokes
ڈیڈی!
daddy !
سکول ٹیچر
School Teacher
دیہاتی
Dehati
پاگل پائلٹ
pagal pilot
ڈاکٹر کے فرائض
dr ke faraiz
سائیکل
cycle
Urdu Paheliyan
مار پٹی تو شور مچایا
maar piti tu shor machaya
گلا تو ہے سر ساتھ نہیں ہے
gala tu hy sar sath nahi he
کالے کو جب تائو آئے دیکھو اس کا کام
kaly ko jab tawo aye dkho uska kam
مفت کسی کا ہاتھ نہ آیا
muft kisi ke hath na aaya
اجلا پنڈا رنگ نہ لباس
ujla pinda rang na libaas
گز بھر کی پانی کی دھار
ghar bhar ki pani ki dhaar