Khajur Ke Podhe - Article No. 2438

Khajur Ke Podhe

کھجور کے پودے - تحریر نمبر 2438

وہ عام لوگوں کو کھجور کی اہمیت اور فوائد سے آگاہ کرکے لوگوں کو کھجور کے باغات لگانے کی ترغیب دیتا،تاکہ وہ اس سے روزی کما سکیں

منگل 17 جنوری 2023

محمد اشتیاق،ملتان
پرانے وقتوں کی بات ہے کہ کسی چھوٹے سے ملک میں ایک رحم دل،نیک اور دانا بادشاہ کی حکومت تھی۔وہ اپنی رعایا سے بے حد محبت کرتا تھا اور ان کی مدد کرکے اسے دلی سکون ملتا تھا۔وہ اکثر بھیس بدل کر لوگوں میں گھل مل جاتا اور ان کی خبر گیری کرتا۔وہ سوچتا کہ کیسے اپنی رعایا کے معاشی حالات کو بہتر بنائے۔

ایک دن اسے ایک ترکیب سوجھی۔اس نے اپنے ہمسایہ ملک کے بادشاہ سے بہت سے کھجور کے عمدہ پودے منگوائے،کیونکہ ملک میں کھجور کے پودے بہت ہی قلیل مقدار میں تھے۔اس نے مالی کا روپ دھارا اور ہفتے میں ایک دن وہ گدھے پر کھجور کے پودے لا کر ملک کے مختلف علاقوں میں مفت تقسیم کرتا۔وہ عام لوگوں کو کھجور کی اہمیت اور فوائد سے آگاہ کرکے لوگوں کو کھجور کے باغات لگانے کی ترغیب دیتا،تاکہ وہ اس سے روزی کما سکیں۔

(جاری ہے)


کچھ ہی عرصے میں کھجور کے یہ پودے بھرپور پھل دینے لگے۔ایک وقت ایسا آیا کہ دوسرے ممالک کے تاجر اس نایاب اور اچھی قسم کی کھجوروں کو اپنے ممالک کے لئے اچھے داموں خریدنے پر مجبور ہو گئے۔کچھ ہی دنوں میں لوگوں کی معاشی حالت اچھی ہو گئی اور وہ بہتر زندگی گزارنے لگے۔
بہت سے لوگوں کا دھیان اس مالی پر گیا جس نے ان لوگوں کی حالت کو بدل دیا اور لوگوں کی غربت و افلاس سے باہر نکالا۔
وہ سب اس کی بے لوث مدد پر اس کا شکریہ ادا کرنا چاہتے تھے۔ایک دن جب وہ آنے والا تھا تو لوگوں نے جشن منانے کا اعلان کیا۔
بادشاہ جب مالی کے بھیس میں شہر میں داخل ہوا تو یہ دیکھ کر بہت حیران ہوا کہ اس کے استقبال میں ہزاروں لوگ کھجور کی ٹہنیاں ہاتھ میں لئے اس کا استقبال کر رہے تھے۔اس دن لوگوں نے اس کے لئے ایک عالی شان دعوت کا اہتمام کیا اور اس مالی کو اپنا تعارف کروانے کو کہا۔جب بادشاہ نے حقیقت عیاں کی تو لوگوں کے دل میں بادشاہ کے لئے محبت اور احترام اور بڑھ گیا اور انھوں نے اپنی معاشی خوش حالی پر بادشاہ کا خلوصِ دل سے شکریہ ادا کیا۔

Browse More Moral Stories