Naye Saal Ka Istaqbaal - Article No. 1876

Naye Saal Ka Istaqbaal

نئے سال کا استقبال - تحریر نمبر 1876

اس بار دنیا بھر میں نئے سال کا استقبال اس امید پر کیا جا رہا ہے کہ 2020ء میں کورونا کی وجہ سے زندگی جس طرح مفلوج ہو گئی تھی،2021ء میں بحال ہو جائے گی

منگل 19 جنوری 2021

راحیلہ مغل
پیارے بچو!نیا سال شروع ہو چکا ہے۔اس بار دنیا بھر میں نئے سال کا استقبال اس امید پر کیا جا رہا ہے کہ 2020ء میں کورونا کی وجہ سے زندگی جس طرح مفلوج ہو گئی تھی،2021ء میں بحال ہو جائے گی۔اللہ کرے ایسا ہی ہو اور یہ موذی وبا اس نئے سال میں قصہ پارینہ بن جائے۔نیا سال اگرچہ کیلنڈر بدلنے سے تعلق رکھتا ہے لیکن انسانی زندگی پر اس کے بڑے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں ایک سال میں تین سو پینسٹھ دن ہوتے ہیں اور ہر دن ایک نئی صبح کے ساتھ نئی امیدیں اور توقعات لے کر طلوع ہوتا ہے حالات ٹھیک ہوں تو یہ دن پلک جھپکتے ہی گزر جاتے ہیں،مشکلات درپیش ہوں تو ایک ایک دن پہاڑ بن جاتا ہے گزرے سال میں ایسا ہی ہوا۔

کورونا نے زندگی کو گویا ایک بوجھ بنا دیا،جسے اتارنا عذاب بن گیا گزرے برس کے آخری ماہ اس لئے بھی مشکلات میں گزرے کہ کورونا ویکسین آنے کی تاریخ 2021ء میں دی جاتی رہی۔

(جاری ہے)

ہر شخص یہی دعا مانگتا رہا کہ وہ ویکسین اور نیا سال آنے تک اس وبا سے بچا رہے۔اب یہ نیا سال شروع ہو گیا ہے اور پوری انسانیت کی دعا ہے کہ یہ دنیا کے لئے خیر و عافیت کا سال ثابت ہو،معمول کی زندگی پھر لوٹ آئے،گہما گہمی اور شہروں کی چکا چوند فضا پھر سے بحال ہو جائے پیارے بچو:لاک ڈاؤن اور اسکولوں کی بندش کی وجہ سے آپ نئے تعلیمی سلسلے”آن لائن ایجوکیشن سسٹم“ سے روشناس ہوئے۔


جس میں آپ نے کمپیوٹر،لیپ ٹاپ اور موبائل سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تدریسی سلسلے کو جاری رکھا۔بغیر امتحان دیئے اگلی کلاس میں ترقی یقینا آپ کو پسند نہیں آئی ہو گی۔2021ء میں بھی اس مرض سے نجات نظر نہیں آرہی۔اب تو آپ بھی گھروں میں بیٹھے بیٹھے بے زار ہو گئے ہوں گے اور اسکول میں نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی یاد ستا رہی ہو گی۔آپ اللہ سے دعا کریں کہ وہ دنیا اور خاص کر ہمارے ملک کو اس وبا سے نجات دلائے تاکہ اسکول دوبارہ کھلیں اور آپ آن لائن کی بجائے اپنی کلاسوں میں تدریسی عمل شروع کر سکیں۔

Browse More Moral Stories