Rehem Dil Dost - Article No. 1687
رحم دل دوست - تحریر نمبر 1687
ان کے کانوں میں دھیمے سے آواز آئی کہ”گھبراؤ مت ! میں تم دونوں کو یہاں سے نکال لے جاؤں گا۔ چپکے سے میری گردن کے سہارے میری پیٹھ پر اتر آؤ۔“
جمعرات 19 مارچ 2020
دونوں بندر کودتے پھلا نگتے اس درخت پر پہنچ گئے جس کے نیچے کھڑے ہوکر ژراف پتے کھا رہا تھا ۔
(جاری ہے)
اس درخت کی ایک شاخ پر بیٹھ کر دونوں نے ژراف سے کہا”اے لمبو!تمہارا کیا نام ہے ․․․؟“
ژراف نے بڑی نرمی سے کہا”میں ژراف ہوں ،کیا مجھ سے دوستی کروگے․․․؟تم لوگوں کے نام کیا ہیں․․․؟“دونوں بندر شرارت سے کھکھلا کر ہنس پڑے اور کہنے لگے کہ ”تم سے ہم کیوں دوستی کرنے لگے ․․․․؟ کتنے بد صورت ہو تم ،مینار کے جیسی گردن اور سیڑھی کے جیسے پیر۔
اتنا کہہ کر دونوں بندر ژراف کو چڑانے لگے ۔ایک بندر نے درخت سے ایک پکا ہوا پھل توڑ کر ژراف کی طرف پھینکا ۔پھل ژراف کے منہ پر لگ کر پھوٹ گیا اور اس کارس اور گودا ژراف کے چہرے پر پھیل گیا۔یہ دیکھ کر دونوں بندر قہقہہ مار کر ہنسنے لگے اور کود تے پھلا نگتے وہاں سے باگ گئے ۔ژراف بے چارہ روہانسا ہو کر رہ گیا اور منہ لٹکائے وہاں سے چلا گیا۔ایک دن دونوں شرارتی بندروں نے یہ طے کیا کہ وہ جنگل میں خوب دور تک اکیلے گھومنے کے لئے چلیں گے ۔صبح صبح جب باقی بندر سو رہے تھے ،یہ دونوں شرارتی بندر چپکے سے نکل پڑے۔ کچھ ہی دیر میں وہ بندروں کی ٹولی سے بہت دور نکل گئے ۔جب انھیں زوروں کی بھوک لگی تو ان دونوں نے درختوں سے پھل فروٹ کھالیے ۔انھیں اس طرح گھومنے پھرنے اور موج مستی کرنے میں بڑا مزہ آرہا تھا۔
دوپہر ہو چلی تھی وہ دونوں گرمی سے بچنے کے لئے ایک درخت کی ہری بھری شاخوں پر جا کر بیٹھ گئے ،اُس درخت کے نیچے ایک شیر آرام کر رہا تھا۔پیڑ کے آس پاس ایک ہرابھرا میدان تھا۔میدان کے کنارے ایک ندی بہہ رہی تھی ۔بندر اُس سہانے منظر میں ایسا کھوئے کہ انھیں اس بات کا احساس ہی نہ ہوا کہ یہاں ایک شیر بھی موجود ہے ۔لیکن جب شیر اپنے چہرے پر بیٹھی ہوئی مکھیوں کو آرانے کے لئے غرایا تو بندروں نے شیر کو دیکھ لیا ۔شیر کو دیکھتے ہی وہ بری طرح ڈر گئے ۔کچھ ہی دیر بعد انھیں یہ محسوس ہوا کہ ہم درخت کے اوپر محفوظ ہیں ۔چونکہ ان کے اندر شرارت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی اس لیے یہاں بھی انھیں شرارت سوجھنے لگی ۔ان دونوں شرارتی بندروں نے آنکھوں ہی آنکھوں میں اشارہ کیا اور درخت کا ایک پھل توڑ کر نیچے گرادیا۔پھل سیدھا شیر کی ناک پر گرا ۔شیر نے غصے سے دہاڑتے ہوئے اِدھر اُدھر دیکھا۔جب اس نے اوپر کی طرف دیکھا تو اس کی نظر بندروں پر پڑی ۔
بندر کھی کھی کرکے ہنس رہے تھے ،لیکن وہ زیادہ دیر تک نہ ہنس سکے،کیونکہ شیر آپے سے باہر ہو رہا تھا۔اس نے گرج دار آواز میں دہاڑتے ہوئے کہا ۔”کیا تمہیں معلوم نہیں میں اس جنگل کا بادشاہ ہوں ۔فوراً اس درخت سے نیچے اترو۔میں تم دونوں کو کھاکر اس گستاخی کی سزادوں گا۔“
بندروں کو پھر ہنسی آگئی ۔انھیں یقین تھا کہ ہم درخت پرمحفوظ ہیں ۔شیر ان کو اس طرح دوبارہ ہنستے ہوئے دیکھ کر غصے سے آگ بگولہ ہو گیا اور اپنے پیروں کو سمیٹ کر اسپرنگ کی طرح تیزی سے اچھلا ۔شرارتی بندروں نے دیکھا کہ شیر کا جبڑا کھلا ہوا ہے اور اس کے تیز نوکیلے دانت ان کی طرف ہیں اور وہ بڑی تیزی سے اچھلتے ہوئے بالکل ان کے قریب آگیا ہے ۔دونوں بندروں کے تو ہوش ہی اڑ گئے اور ان کی ساری شرارت دھری کی دھری رہ گئی اور وہ دونوں ڈر کے مارے ایک دوسرے سے بُری طرح لپٹ گئے ۔
شیر نے چھلانگ تو بہت اونچی لگائی تھی لیکن جس شاخ پر وہ دونوں بندر بیٹھے ہوئے تھے وہ وہاں تک نہیں پہنچ سکا۔شیر نے دوبارہ چھلانگ لگائی ۔بندروں کی حالت بڑی پتلی ہو گئی تھی وہ ڈر کے مارے چیخنے چلانے لگے لیکن وہاں ان کی پکار سننے والا کوئی بھی نہیں تھا۔وہ تو اپنی ٹولی اور اپنے ماں باپ کی اجازت کے بغیر بھاگ کر آئے تھے ۔اس درخت کے آس پاس کوئی دوسرا درخت بھی نہ تھا کہ وہ چھلانگ لگا کر اس پر چلے جاتے ،اور نہ ہی اس درخت پر کہ جس پر وہ دونوں بیٹھے ہوئے تھے اونچائی کی طرف کوئی مضبوط شاخ تھی جس پر جا کر وہ بیٹھ سکتے یوں سمجھ لیں کہ شرارتی اور نا فرمان بندر آج بُری طرح پھنس گئے تھے ۔
وہ اس حالت میں تھے کہ انھیں کچھ سجھائی نہیں دے رہا تھا کہ یکا یک ان کے کانوں میں دھیمے سے آواز آئی کہ”گھبراؤ مت ! میں تم دونوں کو یہاں سے نکال لے جاؤں گا۔ چپکے سے میری گردن کے سہارے میری پیٹھ پر اتر آؤ۔“وہ کیا دیکھتے ہیں کہ ان کے ٹھیک اوپر درخت کے پتوں کے درمیان سے اسی ژراف کا سر نکلا ہوا تھا جس کا ان لوگوں نے کچھ دن پہلے خوب مذاق اڑایا تھا۔بندروں نے ایک دوسرے کو شرمندگی سے دیکھا کہ آج وہی ژراف ہماری جان بچانے کے لئے تیار ہے ۔اس ژراف کو اس دن کی شرارتوں اور مذاق وغیرہ کا ذرا بھی خیال نہیں ہے ۔دونوں بندرو ں نے اپنی نگاہیں نیچی کرلیں ۔ژراف نے کہا”میرے دوستو!جلدی کرو اگر شیر نے مجھے دیکھ لیا تو وہ ہم تینوں کو کھاجائے گا۔“
بندر اب ڈرتے ڈرتے ژراف کی گردن پر پھسلتے ہوئے اس کی پیٹھ پر سوار ہو گئے اور ژراف انھیں لیے ہوئے تیز رفتار سے وہاں سے کھسک گیا۔ شیر کو پہلے تو پتا نہیں چل سکا کہ کیا ماجرا ہے ۔لیکن جب اس نے ژراف کی پیٹھ پر سوار ہو کر دونوں بندروں کو بھاگ نکلتے ہوئے دیکھا تو اس نے دہاڑتے ہوئے ان کا پیچھا کیا۔
بندروں نے ان کا پیچھا کرتے ہوے شیر کو دیکھا تو ان کی جان نکلنے لگی اور وہ بری طرح چیخنے چلانے لگے ۔شیر پوری قوت کے ساتھ بندروں کو پکڑنے کے لئے دوڑ لگا رہا تھا اور غرائے جارہا تھا۔ژراف نے بندروں کو سمجھایا کہ ”ڈرنے کی کوئی بات نہیں اب تم دونوں بالکل محفوظ ہو ۔شیر مجھے کبھی نہیں پکڑ سکتا۔“
اور سچ مچ ہوا بھی ایسا ہی کہ ژراف نے شیر کو کافی پیچھے چھوڑدیا۔ ایک محفوظ جگہ پر پہنچ کر ژراف رک گیا بندر چھلانگ لگاکر اس کی پیٹھ سے نیچے اتر گئے ۔تب ژراف نے ان دونوں سے کہا ”اس دن تم دونوں نے میری لمبی گردن اور میری ٹانگوں کا بہت مذاق اڑایا تھا نا،آج دیکھ لیا نا کہ انہی کی وجہ سے تم لوگوں کی جان بچ سکی ہے ۔لمبی گردن کی وجہ سے ہی میں تم دونوں کو دور سے دیکھ سکا اور درخت سے تم کو اتار سکا ۔اور لمبی ٹانگوں کی وجہ سے تیز دوڑ سکا۔“
بندر اس پر کیا کہہ سکتے تھے ،دونوں نے شرم کے مارے اپنی اپنی گردنیں جھکالیں اور خاموش رہے ۔ان کی یہ حالت ،خاموشی اور شرمندگی کو دیکھ کر ژراف نے ہنستے ہوئے خود کہا کہ ”چلو!چھوڑو ان باتوں کو ،بھول جاؤ پچھلے قصے کو ،اب آج سے تو تم میرے دوست بن کر میرے ساتھ روزانہ کھیلو گے نا۔“
ژراف کی یہ بھلائی دیکھ کر دونوں شرارتی بندروں کو اپنی حرکتوں پر سخت غصہ آنے لگا کہ ان لوگوں نے اتنے اچھے اور پیارے ژراف کو کیوں ستایا تھا اور اس کا مذاق کیوں اڑایا تھا․․․․؟ان دونوں نے اسی وقت ژراف سے معافی مانگی ۔ژراف نے کہا”دوستو!معافی کی کوئی ضرورت نہیں۔“
اتنے بڑے دل والے ژراف کی یہ باتیں سن کر ان لوگوں نے فیصلہ کر لیا کہ آج کے بعد سے وہ کسی کو نہیں ستائیں گے اور کسی کا مذاق نہیں اڑائیں گے ۔دونوں شرارتی بندروں نے ژراف سے کہا کہ ”ہم نے تمہیں جان بوجھ کر بہت ستایا تھا ،آج سے ہم کسی کو بھی نہیں ستائیں گے ،نہ کسی کو بُرا بھلا کہیں گے ۔آج سے تم ہمارے سب سے اچھے دوست ہو ۔دونوں بندروں کی یہ بات سن کر ژراف کو بڑی خوشی ہوئی اور وہ ہنسی خوشی ساتھ رہنے لگے ۔
Browse More Moral Stories
برائی کا جواب
Burai Ka Jawab
بہلول دانا
Behlol Dana
عقل مند شہزادی۔۔۔تحریر: مختار احمد
Aqal Mand Shahzadi
رزق نعمت
Rizq Naimat
مگر مچھ
Magar Mach
پنکی کا ایوارڈ
Pinki Ka Award
Urdu Jokes
ٹیم میدان میں
team maidan mein
مجسٹریٹ
Magistrate
ڈاکڑ مریض سے
dr mareez se
پالتو کتا
Paltu Kutta
ڈاکٹر
Doctor
نرس
Nurs
Urdu Paheliyan
ہاتھ میں پکڑے اور مروڑے
hath ma pakra aur marody
ہرا ہرا یا پیلا پیلا
hara hara ya peela peela
اک برتن دیکھا ہے نرالا
ek bartan dekhna hai nirala
دیکھی ہڈی اور نہ بال
dekhi hadi or na bal
نیچے سے اوپر جاتی ہے
neechy se oper jati he
گوڑا چٹا چاندی جیسا
gora chitta chandi jaisa