تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات ہی واحد حل ہیں،شبلی فراز

ملکی صورتحال کے پیش نظر ڈائیلاگ بہت ضروری ہے،پی ٹی آئی بطور جماعت تشدد اور فساد کو رد کرتی ہے،رہنماءپی ٹی آئی کی امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی پولیٹکل کونسلر کرسٹوفر جے براوٴن سے ملاقات میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 9 مئی 2024 16:52

 تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات ہی واحد حل ہیں،شبلی فراز
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مئی 2024 ء)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءسینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات ہی واحد حل ہیں، ملکی صورتحال کے پیش نظر ڈائیلاگ بہت ضروری ہے،پی ٹی آئی بطور جماعت تشدد اور فساد کو رد کرتی ہے۔ امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی پولیٹکل کونسلر کرسٹوفر جے براوٴن نے سینیٹر شبلی فراز سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون، آئی ایم ایف پروگرام اور معاشی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔امریکی ڈپٹی پولیٹکل کونسلر نے باور کرایا کہ پاکستان اور امریکا کے معاشی اور سیاسی استحکام آپس میں جڑے ہیں، پرامن سیاست اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

شبلی فراز نے گفتگو کے دوران کہا کہ مذاکرات ہر کسی سے ہونے چاہئیں۔ جو بھی سٹیک ہولڈرز ہیں ان سے مذاکرات ہو سکتے ہیں۔خیال رہے کہ اسلام آباد میںامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے پی ٹی آئی رہنماوٴں کی تین روز قبل بھی ملاقات ہوئی تھی۔ اس اہم ملاقات میں پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال ،آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے بات چیت کی گئی تھی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی تھی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان، پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پی ٹی آئی کے ترجمان رو¿ف حسن بھی موجود تھے۔ قائد حزب اختلاف اور ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا تھا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، امریکی سفیر سے آئین و قانون کی بالادستی پر بات ہوئی تھی۔ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کی حالت اور قانون کی حکمرانی، ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت اور معیشت کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی تھی۔ بنیادی سیاسی آزادیوں پر عائد قدغنوں اور اظہار و ابلاغ کی آزادیوں کے خلاف غیرقانونی انتظامی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، پارٹی قائدین اور کارکنان سمیت سیاسی قیدیوں کے خلاف انتقامی سلسلے پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments