پی ٹی آئی کا شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

عمران خان کے سعودی ولی عہد سے نہایت اچھے تعلقات ہیں، شیر افضل مروت نے ان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی، پارٹی قائد کی ہدایت پر پولیٹیکل کمیٹی ڈسپلنری ایکشن لے گی۔ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 مئی 2024 17:26

پی ٹی آئی کا شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ شیر افضل مروت کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بہت عزت و احترام دیا، شیر افضل مروت کو بارہا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی ہدایات دی گئیں لیکن اب عمران خان نے حکم جاری دیا ہے کہ شیر افضل مروت کو کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی سے الگ کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے پولیٹیکل کمیٹی شیر افضل مروت کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا جائے، عمران خان نے کہا ہے سعودی حکومت کے ساتھ ذاتی تعلقات کو شیر افضل مروت نے زک پہنچایا ہے، بانی پی ٹی آئی کے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں، شیر افضل مروت نے سعودی حکومت کے ساتھ تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے پہلے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے نام کا اعلان کیا تھا تاہم شیر افضل مروت کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین نہ بنانے کے پیچھے ان کا سعودی عرب سے متعلق بیان وجہ بنی ، تحریک انصاف کے قائد عمران خان سعودی عرب سے تعلقات میں کسی قسم کی خرابی نہیں چاہتے اور اس صورتحال میں شیر افضل مروت کی تقرری سے منفی پیغام جا سکتا تھا، اس لیے پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے کیلئے نئے نام کا باقاعدہ اعلان کیا، اس ھوالے سے سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کا نام فائنل ہوچکا ہے، اس عہدے کے لیے ہمارے اُمیدوار شیخ وقاص اکرم ہوں گے، پارٹی قائد عمران خان نے ان کے نام کی منظوری دی ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments