حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے، ڈی آئی جی ہزارہ

ہفتہ 28 مارچ 2020 14:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2020ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ قاضی جمیل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومتی احکامات اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، حکومتی احکامات پر عمل درآمد کرنا ہم سب کا فرض اور وقت کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے اس عالمی وباء کے خلاف جاری جنگ کو جیت سکیں۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ ہم ہزارہ کی عوام، تاجر برادری، علماء اور دیگر سول سوسائٹیز کے عہدیداران و ممبران کے بے حد مشکور ہیں اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں، پولیس حفاظتی اقدامات پر خود بھی عمل کر رہے ہیں اور لوگوں کو بھی اچھا پیغام پہنچا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ کسی بھی ہزارہ کا پرامن ماحول خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، کچھ شرپسند عناصر ہزارہ کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جس پر ہزارہ پولیس ان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائیاں کر رہی ہیں، ان کارروائیوں کے دوران ہزارہ پولیس نے ہزارہ کے آٹھوں اضلاع میں مختلف نوعیت کے مقدمات میں 207 مقدمات درج اور 710 ٹریفک چالان کئے ہیں جن میں 15 مقدمات ہوٹل مالکان، 35 مقدمات مختلف پرائیویٹ پروگرامات منعقد کروانے پر، 30 مقدمات باربر شاپ مالکان پر، 80 مقدمات پلازہ اور شاپنگ مال کے مالکان پر، 37 مقدمات نجی تفریحی مقامات کو کھولنے پر، 10 مقدمات پرائیویٹ ہاسٹل اور ٹیوشن سنٹر کے خلاف، 643 ٹریفک چالان انٹرا ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ پابندی کی خلاف ورزی پر اور 67 ٹریفک چالان انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر کئے گئے ہیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں