دو روزہ گرلز انڈر 16یوتھ گیمز ایبٹ آباد کے مختلف مقامات پر شروع

جمعہ 24 ستمبر 2021 17:09

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے پی، اور ریجنل و ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس ایبٹ آباد کے زیراہتمام دو روزہ گرلز انڈر 16یوتھ گیمز ایبٹ آباد کے مختلف مقامات پر شروع ہوگئیں جن میں پہلے روز گورنمنٹ ہائی سکول ڈھیری میرا ایبٹ آباد ، حویلیاں اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیخ البانڈی کی کھلاڑی چھائی رہیں ان دو روزہ گیمز کا افتتاح ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ایبٹ آباد وسیم فضل،محکمہ تعلیم زنانہ کی افسران اور پرنسپلز نائید فضل،میڈم شگفتہ اور میڈم زاہدہ نے ایک پروقار تقریب میں کیا جبکہ اس موقع پروالی بال ایسوسی ایشن کے صدر سید مشتاق شاہ سیکرٹری خالد خان جدون، ایبٹ آبادکبڈی ایسوسی ایشن کے صدر طاہر منیر اعوان،جمناسٹک ا یسوسی ایشن کے صدر شوکت حسین ،رسہ کشی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شاہد گل،ٹیبل ٹینس کے محمد زاہد تنولی، باسکٹ بال کے ماما سعید سمیت دیگر کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران بھی موجود تھے، سٹی سپورٹس کمپلیکس ایبٹ آباد میں منعقدہ ان یوتھ گرلز گیمزکے پہلے روز گرلز ایونٹس میں بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس، رسہ کشی ،والی بال،باسکٹ بال،اور نیٹ بال میں یہ کھلاڑی ایکشن میں نظرآئیں جن میں زیادہ تر گیمز میں گورنمنٹ ہائی سکول ڈھیری میرا ایبٹ آباد کا پلڑا بھاری رہا رسہ کشی کے فائنل میں گورنمنٹ ہائی سکول ڈھیری میرا ایبٹ آباد نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیخ البانڈی ایبٹ آباد کو 2--0 سے شکست دے کر ٹا ئٹل اپنے نام کیا اسی طرح ٹیبلٹینس سنگلز مقابلوں میں بھی میدان گورنمنٹ ہائی سکول ڈھیری میرا ایبٹ آباد کے ہاتھ رہا انم سفیر ان مقابلوں کی فاتح قرار پائیں اسی سکول کی لاہبہ شفیق رنر اپ اور اریبہ صفدر تیسرے نمبر پر رہیں ، نیٹ بال کے فائنل میں خالد کلب حویلیاں نے دلچسپ مقابلے کے بعد گورنمنٹ ہائی سکول ڈھیری میرا ایبٹ آباد کو 6،4 کے سکور سے شکست دی حویلیاں کی جانب سے کرن اور شہلہ جبکہ ڈھیری میرا کی جانب سے ایزآ اور سمن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ والی بال مقابلوں کے سیمی فائنل مرحلے میں گورنمنٹ ہائی سکول ڈھیری میرا ایبٹ آبا د نے گورمنٹ ہائی سکول جھنگی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 12،15,15-11,15--13, کے سکور سے زیر کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شیخ البانڈی نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر2 ایبٹ آباد کو 15-10, 15-8سے شکست دی اور فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا گرلز ایونٹس میں اتھلیٹیکس اور سکوائش سمیت دیگر فائنل مقابلے (آج)ہفتہ کو منعقد ہوں گئے جبکہ بوائز مقابلوں کا آغاز بھی (آج)ہفتہ سے ہو گا ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن کے پی کے سید ثقلین شاہ اس موقع پر مہمان خضوصی ہوں گئے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں