ایبٹ آباد میں بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں ، ٹریفک جام رہی، شہری انتظامیہ کی نااہلی ثابت

جمعہ 29 نومبر 2019 15:34

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2019ء) ایبٹ آباد شہر میں ہونے والی شدید ژالہ باری اور بارش جبکہ گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، نالے بند ہونے کی وجہ سے مانسہرہ روڈ ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد شہر میں گذشتہ روز شدید ژالہ باری اور بارش جبکہ نتھیاگلی، ایوبیہ، ٹھنڈیانی میں برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بارش اور ژالہ باری کے بعد نالے بند اور سیوریج کا صحیح بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی سڑکوں پر آ گیا جس سے مانسہرہ روڈ اور کاکول روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک کئی گھنٹوں تک بند رہی۔

سکول اوقات میں شدید بارش کے باعث کوئی بھی ٹریفک اہلکار سڑکوں پر موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، ٹی ایم اے اور سی بی اے کی نااہلی کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں، گاڑیاں پھنسنے کے باعث سکول کے بچے بھی بروقت گھر نہیں پہنچ سکے جس کی وجہ سے والدین شدید پریشانی میں مبتلا رہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں