بہاول پور، کروڑوں کی لاگت سے نصب ٹریفک سگنل کامنصوبہ مبینہ طورپرفلاپ

عرصہ دراز سے ٹریفک سگنلز نان فنگشنل ،ٹریفک کے مسائل میں اضافہ

بدھ 13 مارچ 2024 19:53

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2024ء) کروڑوں روپے کی لاگت سے نصب ٹریفک سگنل کامنصوبہ مبینہ طورپرفلاپ، عرصہ دراز سے ٹریفک سگنلز نان فنگشنل ،ٹریفک کے مسائل میں اضافہ، ڈی ایس پی ٹریفک نے چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن سے ٹریفک سگنلز کو ٹھیک کرواکرچالوکرنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بہاول پورڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہرمیں کروڑوں روپے مالیت کے ٹریفک سگنل سٹی ایریاکے 13اہم مقامات پرنصب کرانے کیلئے کھلے روڈزکوکاٹ کرانتہائی چھوٹاکردیاگیاتھا جس کے نتیجے میں ٹریفک مسائل کم ہونے کے بجائے مزیدزیادہ ہوگئے تھے جس کودیکھتے ہوئے پہلے صرف پانچ مقامات کے سگنل چالو کئے گئے تاہم بعدمیں ان کوبھی بندکردیاگیا اوراب عرصہ دراز سے شہرکے تمام ٹریفک سگنلز نان فنگشنل ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

زرائع کاکہناہے کہ ٹریفک سگنل پراجیکٹ فلاپ ہونے میں بہاولپورڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشن کابھی برابرکاہاتھ ہے دونوں محکموں کی جانب سے ان ٹریفک سگنلزکی ذمہ داری نہ لینے کی وجہ سے کروڑوں روپے کے ٹریفک سگنلز نان فنگشنل ہوچکے ہیں جبکہ بیس پچیس سال پہلے بھی بہاولپورمیں کروڑوں روپے کی لاگت سے ٹریفک سگنلز لگائے گئے تھے لیکن مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ان کاسامان چوری ہوگیا اوربعدمیں انتظامیہ کی طرف سے لگے ہوئے ٹریفک سگنلزکوبھی اُتارلیاگیا اورآج دوبارہ کروڑوں روپے کی لاگت سے لگائے گئے ٹریفک سگنلز استعمال نہ ہونے کی وجہ سے نان فنگشنل ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے بہاولپورمیں ٹریفک کے مسائل میں روزبروزاضافہ ہورہاہے ۔

اس صورتحال میں ڈی ایس پی ٹریفک کی جانب سے چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن کو ایک مراسلہ جاری کیاگیاہے جس میں ان سے کہاگیاہے کہ بہاولپورکے تمام ٹریفک سگنل ورکنگ پوزیشن میں نہیں ہیں لہٰذا فوری طورپر ٹریفک سگنلزکو رپیئرکرواکر ورکنگ پوزیشن میں لایاجائے تاکہ شہرمیں ٹریفک کے مسائل کو کم کیاجاسکے اور ایکسیڈنٹ کے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں