ضلعی انتظا میہ کا گندم کے خریداری مراکز کا دورہ

جمعہ 20 اپریل 2018 12:28

فیصل آباد۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) ضلعی انتظامی حکام نے جمعہ کے روز جڑانوالہ سٹی ‘روڑالہ ‘ بچیانہ ‘ جھوک دتہ ‘ دارا لاحسان، چک جھمرہ ‘ سرشمیر ‘ فیصل آباد سٹی اور گندم کے دیگر خریداری مراکز کا دورہ کیا اورکاشتکاروں کو بار دانہ کی فراہمی اور گندم کی خرید کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر فیصل آبا دسلمان غنی کی ہدائت پر گندم کے خریداری مراکز کا دورہ کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیصل آباد اور دیگر حکام نے سنٹرز پر موجود عملہ کو ہدائت کی کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع میں گندم خریداری مہم کے دوران طے شدہ پالیسی اور انتظامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اس ضمن میں عدم توجہی اور لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کی سہولیات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے ،ان کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ میں نشستیں ‘ پینے کا ٹھنڈا پانی ‘ چائے کا بندوبست اور دیگر انتظامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے تاکید کی کہ کاشتکاروں کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سن کر موقع پر ہی بلاتاخیر ازالہ کیا جائے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو ) نے سنٹرز کے دورہ کے دوران کاشتکاروں اور ان کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں گندم کی خریداری کے سلسلے میں حکومتی انتظامات اور پالیسی سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کو منظم و شفاف رکھنے کے لئے حکومت پنجاب نے وسیع تر اقدامات کئے ہیں جن کے تحت سنٹر پر خریداری عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ کاشتکاروں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی کرپشن یا بدانتظامی کی شکایت کا فوری نوٹس لے کر قصور وار ملازمین کا کڑا احتساب ہو گا ۔ انہوں نے کاشتکاروں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ سٹاف کی کارکردگی پر گہری نظر رکھیں اور کسی قسم کی ہیرا پھیری یا گڑ بڑ کے بارے میں فوری اطلاع کریں ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں