سورج مکھی کی فصل کٹائی کیلئے تیار ہوگئی، محکمہ زراعت کا فصل کی برداشت کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

جمعہ 26 اپریل 2024 13:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ اکثرمقامات پرسورج مکھی کی فصل اس وقت اپنی بڑھوتری کے تمام مراحل طے کرکے کٹائی کیلئے تیار ہوگئی ہے کیونکہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے تاہم فصل کے پکنے کا انحصار اس کی قسم اور موسم پر ہوتا ہے لیکن فصل کو برداشت کرنے سے پہلے کچھ علامات کا خیال ضروری ہے جیسا کہ پھول کی پشت سنہرے رنگ کی ہونی چاہیے، پھول کی زرد پتیاں خشک ہوکر گر جائیں،سبز پتوں کا آدھا حصہ گر جائے اور بیج میں دودھیا پن ختم ہوجائے تو فصل برداشت کیلئے تیار ہوتی ہے۔

محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹرچوہدری خالد محمودنے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں چھوٹی سی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور2 سے3دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں اور سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لیے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریں کیونکہ اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں