پنجاب میں بجلی پر چلنے والے7 ہزارٹیوب ویلزکوسولر سسٹم پرمنتقل کرنے کا فیصلہ

پیر 13 مئی 2024 13:42

پنجاب میں  بجلی پر چلنے والے7 ہزارٹیوب ویلزکوسولر سسٹم پرمنتقل کرنے کا فیصلہ
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) پنجاب میں کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کے لئے 12 ارب روپے کی لاگت سے بجلی پر چلنے والے 7 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق صوبے میں زراعت کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے جس کے لئے بھرپور وسائل استعمال کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے’’ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام ‘‘ کے تحت صوبہ میں جدید زراعت کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت قلیل، درمیانی اور طویل المدتی منصو بے متعارف کرائے گئے ہیں جس سے فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قلیل المدتی پلان کے تحت 300ارب روپے بلا سود سالانہ قرض کی فراہمی کے لئے ’’نواز شریف کسان کارڈ ‘‘کے اجراکی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت محکمہ زراعت اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے 5 سے12.5 ایکڑ زمین کے مالک،مزارع،ٹھیکیداروں کو بلا سودکسان دوست قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ4 ارب روپے کی لاگت سے 3 ہزار لیزر لینڈ لیولرز سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے جبکہ ایک ارب روپے کی لاگت سے توسیعی سروسز میں بہتری کے لئے 500 زرعی گریجویٹس کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائے گا اور 2 ارب روپے کی لاگت سے شعبہ زراعت(توسیع) کی تنظیم نو کی جائے گی اور معیاری کھادوں و زرعی ادویات کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانےکے لئے قوانین میں ترمیم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر کے درمیانی مدت پلان کے تحت2 سال کے اندر پنجاب میں 80 ارب روپے کی لاگت سے 7300 کھالہ جات کی اصلاح و پختگی کی جائے گی۔اسی طرح سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت 8 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈر اور 2 ہزار رائس سٹرا شیڈر کی فراہمی کی جائے گی جس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو معیاری بیج، کھاد،زرعی ادویات اور ضروری تربیت کی فراہمی کے لئے 1.5 ارب روپے کی لاگت سے جدید زرعی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ12 ارب روپے کی لاگت سے جدید زرعی مشینری و آلات سبسڈی پر فراہمی کئے جائیں گے نیزٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر کے طویل المدتی پلان کے تحت 2 ارب روپے کی لاگت سے پاک چائنہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔علاوہ ازیں ایک ارب روپے کی لاگت سے سویابین کی فصل کے بیج کی پیداوار میں ایک لاکھ ایکڑ تک زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعاون سے اضافہ کیا جا ئے گا،اس کے علاوہ 1.5 ارب روپے کی لاگت سے کپاس،گندم اور چاول کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر آف ایکسی لنس کا قیام عمل میں لایا جائے گاتاکہ ہمارے زرعی سائنسدان ریسرچ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں اور ان نتائج کی روشنی میں فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ یقینی ہو سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں