ایرانی صدرکے حالیہ دورہ کے دوران باہمی تجارت کو 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہیں، صدر فیصل آباد چیمبر

بدھ 24 اپریل 2024 12:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے حالیہ دورہ کے دوران باہمی تجارت کو10ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ اگر دونوں ملکوں کی حکومتیں معاشی پالیسیوں میں بہتری لائیں تو نہ صرف یہ ہدف بآسانی حاصل کر لیا جائے گا بلکہ اس کو 15ارب ڈالر تک بھی بڑھایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ملکوں کی زیادہ تر تجارت ہمسایہ ملکوں سے ہوتی ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے ملکوں کا ذکر کیا جن کی باہمی تجارت مجموعی تجارت کا 65فیصد ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر سازگار علاقائی معاشی پالیساں تشکیل دی جائیں تو پاکستان کونہ صرف معاشی بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے بلکہ اسے جلد از جلد ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے جس سے تعلقات کو فروغ دینا دونوں ملکوں کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان عوامی سطح پر بھی انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں لیکن ان سے فائدہ اٹھانے کیلئے پائیدار معاشی حکمت عملی کی ضرورت ہے جس کیلئے دونوں حکومتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ہونیوالے معاہدے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف سمگلنگ کا خاتمہ ہو گا بلکہ باضابطہ تجارت کو بھی فروغ دیا جا سکے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں