فیصل آباد انتظامیہ کی کاروائیاں و اقدامات جاری،گرانفروشوں کو بھاری جرمانے،10پیشہ ورگداگر گرفتار،ٹرانسپورٹ کی چیکنگ،صفائی کی صورتحال کا معائنہ

جمعرات 26 مئی 2022 16:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پرفیصل آباد انتظامیہ کی مختلف کاروائیاں و اقدامات جمعرات کو بھی جاری رہے۔ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے اوورچارجنگ پر گرانفروشوں کو 9 لاکھ 40 ہزار 500روپے جرمانہ،پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر 8 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج،2 دکانیں سیل اور دو کو گرفتار کیا۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں آٹا،چینی،چکن،پھل وسبزیوں سمیت روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کو چیک کرنے کیلئے انسپکشنز کیں اوراشیا مقررہ نرخوں سے زائدقیمت پر فروخت کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے کی پاداش میں موقع پر ہی ایکشن لیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح محکمہ سماجی بہبود کے اینٹی بیگری سکواڈنے گزشتہ روز آپریشن کرکے پبلک مقامات سے 10پیشہ ورگداگروں کو تحویل میں لیا۔

سکواڈ نے مومن آباد،جدہ مارکیٹ ستیانہ روڈ،فلیٹ چوک سوساں روڈ،کشمیر پل کینال روڈ،جنرل بس سٹینڈ،اسٹیشن چوک،بیرون زرعی یونیورسٹی،الائیڈ ہسپتال چوک،جمیل آباد شیخوپورہ روڈ،شمس آبادجھمرہ روڈ اور اوردیگرمقامات پر کارروائی کرکے عادی وپیشہ ور بھکاریوں کو تحویل میں لیا۔دریں اثناانچارج سٹی ٹرمینل عاصم الیاس انسداد پولیوکی جاری مہم پر عملدرآمد کو چیک کرنے کیلئے بس سٹینڈ پہنچ گئے اور مختلف شہروں وعلاقوں کو روانہ ہونے والی بسوں،ویگنوں کے اندر جاکر والدین کے ہمراہ سفر کرنے والے بچوں کی انگلیوں پر نشانات چیک کئے۔

انہوں نے والدین سے بچوں کو قطرے پلانے کے بارے میں بھی دریافت کیا اور کہا کہ پولیوکا ہر راؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا سو فیصد اہداف کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں۔انہوں نے پولیوٹیموں سے کہا کہ وہ بسوں اور ویگنوں کو مسلسل چیک کریں اور کوئی بچہ قطرے پئے بغیر نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے اپنی نگرانی میں بچوں کو قطرے بھی پلوائے۔مزید برآں اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف صفائی کی صورتحال کو چیک کرنے کیلئے صبح کے وقت چوک گھنٹہ گھر اور اطراف بازاروں میں پہنچ گئے اور مین بازار وگول بازاروں کی گلیوں میں صفائی آپریشن کو چیک کیا۔

فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی جھنگ بازار،امین پور بازار،کچہری بازار،بھوآنہ بازار سمیت دیگر بازاروں میں گئے اورویسٹ ورکرز کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ معمولات زندگی شروع ہونے سے قبل شہر میں صفائی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کا معیار بلند کرنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کی توقعات کے مطابق شہر ہر لحاظ سے صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔

انہوں نے کوڑا کرکٹ کو مناسب اور محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے اور ویسٹ ورکرز کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے بازاروں میں موجود مرد وخواتین سے عملہ صفائی کی کارکردگی دریافت اور بعض شکایات پرکمپنی کے افسران کو فوری ایکشن لینے کی تاکید کی۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ خاور بشیر نے چک 153 رب میں سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات مسمار اور جگہ کلیئر کرادی۔انہوں نے رپورٹ ملنے پر چک کا ہنگامی دورہ کیا جہاں سرکاری اراضی پر قابضین کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات جاری تھیں جنہیں مشینری سے مسمار کردیا گیا۔انہوں نے محکمہ مال کو اراضی کی دیکھ بھال کی تاکید کی اور کہا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں