بھٹہ خشت ورکرز کے مقررہ اجرت اور سوشل سیکیورٹی کارڈز سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ، اسسٹنٹ کمشنر

پیر 24 جون 2019 19:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) : ضلع میں بھٹہ خشت ورکرز کے مقررہ اجرت اور سوشل سیکیورٹی کارڈز سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اس سلسلے میں متعلقہ محکمے کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ بھٹہ مالکان کو مزدوروں کے حقوق کی ادائیگی کے لئے متحرک کریں ۔یہ بات اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)شمائلہ منظور نے ڈسٹرکٹ ویجیلینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان،ڈی او ایجوکیشن محمد انور پنسوتہ،سوشل سیکیورٹی،ای او بی آئی،سوشل ویلفیئر،پنجاب پولیس کے علاوہ مزدور رہنما بابا لطیف انصاری،اسلم معراج،بھٹہ مالکان اور ان کے نمائندے بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)نے بھٹہ مزدوروں کے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بھٹہ مالکان سے کہا کہ وہ مقررہ اجرت پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی کی نوبت نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجراء کے لئے بھٹہ مالکان کو اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی پرزور دیتے ہوئے کہا کہ محکمانہ پیش رفت میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے ای او بی آئی کے نمائندہ آفیسر سے کہا کہ وہ سوشل سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ سے مزدوروں کی رجسٹریشن کا ڈیٹا حاصل کرکے اپنے ذمہ ٹاسک کو تیز رفتاری سے نمٹائیں جس میں مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔

صدر اجلاس نے واضح کیا کہ بھٹہ مالکان اور مزدوروں کے دو طرفہ مفادات کا خیال رکھا جائے گا اس سلسلے میں کسی سے زیادتی نہیں ہوگی تاہم لیبر قوانین کی مکمل پابندی کی جائے۔ڈائریکٹرلیبر نے محنت کشوں کی فلاح وترقی کے لئے محکمانہ اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ماہ میں 51۔ انسپکشن کرکے مقررہ اجرت کی عدم ادائیگی پر 57 ہزار300 روپے جرمانہ جبکہ چائلڈ لیبر کی خلاف ورزی پر مالکان اورورکرز کے خلاف 11 مقدمات درج کرائے گئے۔اس موقع پر بھٹہ مالکان اور مزدوروں نے اجرت سے متعلق مسائل کے بارے میں اپنا موقف پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں