انسداد پولیو مہم کی سو فیصد کامیابی کے لئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 12 دسمبر 2019 22:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے 16 دسمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی سو فیصد کامیابی کے لئے جامع اقدامات کئے ہیں تاہم طالب علم معاشرے میں انسداد پولیو کا پیغام عام کرنے کے لئے جاندار کردار ادا کریں تاکہ مہم کے دوران کسی گھرکا پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ حفاظتی ویکیسین سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ ایم سی ماڈل گرلز ہائر سیکنڈری سکول سمن آباد میں انسداد پولیو کے سلسلے میں منعقد۔ہوئے کہی۔سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن افتحار احمد،محکمہ تعلیم وصحت کے دیگر افسران،ہیڈ ٹیچرز،اساتذہ اور طالبات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے طالبات سے کہا کہ وہ ایک گھر کی اہم رکن ہونے کی حثیت سے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت کی معاونت کریں اور آگے بڑھ کر نہ صرف گھر بلکہ محلہ کی خواتین اور عزیز رشتہ داروں کو انسدادپولیو مہم کیدوران پولیو کے دو قطرے ہر بچہ ہر بار سے متعلق آگاہی دیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ والدین کے تعاون سے ہی پولیو کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جارہی ہے جس کا تسلسل آئندہ بھی برقرار رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے آغاز سے اختتام تک والدین میں زیادہ سے زیادہ ذمہ داری اور احساس کو بیدار رکھنے کے لئے تشہیری و آگاہی کے تمام تر ذرائع استعمال کئے جائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں احساس ذمہ داری‘ عزم اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دئیے جائیں تاکہ مطلوبہ اہداف کے حصول میں کوئی کمی باقی نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے اور اللہ پاک کے فضل وکرم سے ضلع کو آئندہ بھی پولیو فری رکھنے کے لئے جذبوں میں کمی نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پرپولیو کے خاتمے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم اس ضمن میں معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ انسداد پولیو کے ہرراؤنڈ کو کامیاب بنانے میں تعاون کریں تاکہ چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔

سی ای او ایجوکیشن نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پولیو سے بچائو کے لئے حفاظتی قطرے پلوانے کا میسج گرائونڈ لیول تک پہنچائیں گے۔سیمینار کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے ٹیبلوز اور خاکے کے ذریعے والدین کو اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے پولیو قطرے پلوانے کا پیغام دیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد علی کی قیادت میں انسداد پولیو کے سلسلے میں آگاہی واک بھی منعقد ہوئی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں