خصوصی بچوں کو سماجی خوشیوں میں شامل کرنا انکی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر

منگل 23 اپریل 2024 18:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو سماجی خوشیوں میں شامل کرنا ان کی بحالی اور فلاح و بہبود کی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے جس سے ان میں احساس محرومی پیدا نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم اللسان کے مرکزی کیمپس دھوبی گھاٹ میں خصوصی بچوں کیلئے منعقدہ عید ملن پارٹی میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

معروف کاروباری شخصیات سیٹھ افتخار احمد، شیخ کاشف یوسف بھی عید ملن پارٹی میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری طارق نذیر،صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد، سینئر نائب صدر چوہدری سرفراز احمد، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم،جنرل سیکرٹری سبحان علی، دیگر عہدیداران پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب،غلام ربانی، پرنسپل کلثوم افتخار،وائس پرنسپل شائستہ ارشاد، فیکلٹی ممبرز اور سٹاف کے اراکین تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے خصوصی بچوں کی تقریب میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے اس طبقے کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل رکھنے کے لئے ہر سطح پر پائیدار اقدامات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت پنجاب دوررس نتائج کی حامل فلاحی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے محکمہ سماجی بہبود سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کیلئے تنظیم اللسان کی وسیع فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر سپیشل ایجوکیشن کے شعبہ میں رضا کار تنظیموں کی بھرپور سرپرستی کی جارہی ہے تاکہ خصوصی بچوں کو معاشرے کا فعال اور کارآمد شہری بنانے کے چیلنجز میں مشترکہ کوششوں سے کامیابی حاصل کی جاسکے۔

انہوں نے خصوصی بچوں کے ساتھ کیک کاٹا اور محبت وشفقت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت مند و کامیاب زندگی کی دعا کی۔ سیٹھ افتخار احمد اور شیخ کاشف یوسف نے پرجوش و مسرور زندگی کیلئے خصوصی بچوں کو خوشیوں کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات پر تنظیم اللسان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی عید ملن پارٹی میں شرکت سے قلبی سکون حاصل ہوا ہے۔ صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے مہمانوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ خصوصی بچوں کے لئے تعلیم و تربیت کے اقدامات کے ساتھ انہیں تفریحی سرگرمیوں اور مذہبی وقومی تہواروں میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ باہمی و سماجی میل جول میں انکی اہمیت و حیثیت مسلمہ رہے اور وہ اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کریں۔

انہوں نے ادارہ کی زیر تعمیر عمارت کی تفصیلات اور خصوصی بچوں کی جدید درس و تدریس کی سہولیات سے آگاہ کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں