پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی2024ء صوبائی حکومت کا مستحسن اقدام ہے، ڈاکٹر خرم طارق

منگل 23 اپریل 2024 20:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی2024ء صوبائی حکومت کا مستحسن اقدام ہے جس سے پنجابی ثقافت، زبان اور موسیقی کے فروغ کی راہ ہموار ہو گی اور یہ بات ہمارے لئے باعث اعزاز ہے کہ اس کا آغا ز فیصل آباد کے مردم خیز خطے سے کیا جا رہا ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے پہلے پنجاب مقابلہ موسیقی2024 ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کمشنر فیصل آباد محترمہ سلوت سعید، ، پنجاب آرٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید بلال حیدر اور معروف گلوکار غلام علی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے بعد یہ مقابلے صوبے کے دوسرے ڈویژنوں اور ضلعوں میں بھی منعقد کرائے جائیں گے تاکہ علاقائی ثقافت اور موسیقی کو بھائی چارے کے فروغ کیلئے مؤثر طور پر استعمال کیا جا سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب نے بلھے شاہ، وارث شاہ اور میاں محمد بخش جیسے نامور پنجابی شاعر پیدا کئے ہیں جبکہ فیصل آباد کو نصرت فتح علی خاں جیسے عظیم گلو کار کا شہر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے جس نے پوری دنیا میں قوالی کو نئے رنگ میں پیش کر کے اس شہر کے شملے کو اونچا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج جس آڈیٹوریم میں پہلا مقابلہ موسیقی منعقد ہو رہا ہے یہ بھی نصرت فتح علی خاں کے نام سے ہی منسوب ہے۔ انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل میں سید بلال حیدر کی تعیناتی کوبھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے پنجابی کلچر، زبان اور موسیقی کے فروغ کیلئے کلیدی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد لیٹریری سوسائٹی یہاں دس دفعہ قومی سطح کی ادبی تقاریب منعقد کر چکی ہے تاہم بطور پنجابی ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ادبی خدمات سر انجام دینے والوں کا عوامی سطح پر اعتراف کریں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے لوگوں میں مزاح کی حسن بدرجہ اتم موجود ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ فیصل آباد کی زبان اور کلچر کی از سر نو تشریح کریں اور بہتر ہوگا کہ ہم یہاں کے لوگوں کی برجستگی کے اعتراف میں اس کو شہر برجستگی کے نام سے منسوب کریں۔ انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل فیصل آباد ڈویژن کی طرف سے سید بلال حیدر کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ صوبائی سطح پر فنکاروں کے حقوق کیلئے بہت سے قابل تحسین اقدامات اٹھا رہے ہیں تاہم انہیں یقین ہے کہ اس سلسلہ میں وہ اپنی کوششوں کے دائرہ کار کو مزید وسیع کریں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں