فیصل آباد، گھر میں آتشزدگی،4کم سن بہن بھائی جاںبحق

آگ بجھاتے اور بچوں کو بچاتے ہوئے والد بری طرح جھلس گیا‘ ریسکیو1122 ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا

بدھ 1 مئی 2024 18:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) گٹ والا کے قریب امیر ٹائون میں شہری کے گھر آتشزدگی سے 4 کم سن بہن بھائی جاں بحق‘ آگ بجھاتے اور بچوں کو بچاتے ہوئے والد بری طرح جھلس گیا‘ ریسکیو1122 ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، جاں بحق ہونے والے بچوں کی نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا، آگ لگنے کے واقعہ میں بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان نے ایس پی مدینہ ٹائون‘ اے ایس پی پیپلزکالونی سرکل اور ایس ایچ او مدینہ ٹائون پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔

آن لا ئن کے مطابق تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ گٹ والا کے قریب امیر ٹائون میں واقع چوہدری سلیم کے ڈیرہ کے قریب جعفر نامی شخص کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی زد میں آ کر گھر کا سربراہ 38سالہ جعفر ولد امیر علی چوہدری سلیم کے ڈیرہ پر مزارع کے طو ر پر کا م کر تا تھا جو زخمی ہو گیا جبکہ اسکے چار بچے 3سالہ نور فاطمہ ولد جعفر، 6ما ہ کی امبر ولد جعفر ، 6سالہ ایمن ولد جعفر اور 8سالہ ارسلا ن ولد جعفر جھلس گئے ، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور جھلس جانے والے مذکورہ بچوں اور اس کے والد کو باہر نکالا تو زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے 8سالہ ارسلان‘ 6ما ہ کی امبر اور 5سالہ ایمن زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ شہری جعفر اور اسکی 3سالہ بیٹی نورفاطمہ کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا، ہسپتال میں 3سالہ بچی نور فاطمہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور کم سن بہن بھائیوں کی نعشوں کو تحویل میں لیکر انکوائری شروع کر دی،علا وہ ازیں آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان نے واقع کا نو ٹس لیتے ہو ئے ایس پی مدینہ ٹائون‘ اے ایس پی پیپلزکالونی سرکل اور ایس ایچ او مدینہ ٹائون پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں