ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اجلاس

بدھ 15 مئی 2024 19:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)فیصل آباد نعمان افضل اعوان کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی،ہیلتھ،ہاؤسنگ،سب رجسٹرار،کالونی اسسٹنٹ اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اے ڈی سی نے تارکین وطن کاموقف سنتے ہوئے کہا کہ ضلع کے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا شدید احساس کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کریں تاکہ ان کے مسائل کے حل میں تاخیرنہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذا درخواست گزار محکمانہ پیشرفت سے مطمئن ہونے چاہیئں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ جائیدادوں پر قبضہ و تقسیم سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ریونیو ریکارڈ کے مطابق موقع چیک کرکے رپورٹس پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لئے مزید قانونی اقدامات کئے جا سکیں۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔سی پی او کے نمائندہ نے کہا کہ پولیس سے متعلقہ درخواستوں کو تیز رفتاری سے حل کیا جارہا ہے اور تمام کیسز کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔اجلاس کے دوران اوورسیز کی پولیس،ریونیو،ایف ڈی اے اور دیگر محکموں سے متعلقہ 14 درخواستیں زیر سماعت آئیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں