آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت ملک بھر کے چیمبرز، تاجر تنظیموں کی قابل عمل او رموثر تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنائے،چوہدری محمد نواز

اتوار 19 مئی 2024 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) سابق چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن و سابق صدر ایف سی سی آئی چوہدری محمد نوازنے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے ملک بھر کے چیمبرز، تاجر تنظیموں اور ٹیکس بارز سے ملنے والی تجاویز کو صرف خط و کتابت تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ حکومت قابل عمل او رموثر تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنائے،تاجر طبقے میں ٹیکسز کا مزید بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایک بار پھر سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنے کی دعوت کوقابل ستائش کہا اوراپیل کی کہ ملک کی خاطر میثاق معیشت کی طرف پیشرفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے کہ بجٹ کی تیاری میں صرف بیورو کریسی کے اعدادوشمار پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر میثاق کی طرف پیشرفت کی جائے،معاشی میثاق میں پاکستان کو قرضوں کو دلدل سے باہر نکالنے کیلئے بھی نکات شامل ہونے چاہئیں اور آئندہ قرض کے حصول کے لئے بھی ایک ضابطہ اخلاق طے کیا جائے کہ کن نا گزیر حالات میں قرض حاصل کیا جا سکے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں