نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ، لاہور، راولپنڈی اور کراچی کی کامیابی

پیر 22 اپریل 2024 21:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں لاہور، راولپنڈی اور کراچی نے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی۔ایمان فاطمہ نے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تانیہ سعید نے صرف 10 رنز پر 5 وکٹیں حاصل کرلیں۔ نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے ملتان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 94 رنز سے شکست دیدی۔

لاہور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 251 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ایمان فاطمہ نے 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز اسکور کیے۔سائرہ جبین نے 56 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ملتان کیلئے نورالایمان، رحمت نورین اور گل رخ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ملتان کی ٹیم جواب میں 34 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا پائی۔

(جاری ہے)

گل فیروزہ نے 50 رنز سکور کیے۔

لاہور کیلئے قرۃ العین نے 33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ بوہڑانوالی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کراچی نے کوئٹہ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ کوئٹہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3 اوورز میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سب سے بڑا اسکور ایکسٹرا کے 29 رنز کا رہا۔عائشہ عاصم نے 22 رنز بنائے۔ایمن انور، عمیمہ سہیل اور عروب شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔کراچی نے 25.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

یُسریٰ عامر نے نو چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ انہوں نے عمیمہ سہیل کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 112 رنز کا اضافہ کیا۔ عمیمہ سہیل نے 42 رنز اسکور کیے۔جواد کلب گراؤنڈ میں راولپنڈی نے پشاور کو 39 رنز سے شکست دیدی۔راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45.5 اوورز میں 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ لائبہ منصور 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

ایکسٹرا کے 17 رنز بھی شامل تھے۔ پشاور کیلئے ماہ نور آفتاب، زیب النسا نیاز، مومینہ ریاست، تہذیب شاہ اور سنبل لیاقت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پشاور کی ٹیم جواب میں صرف 37 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ کوئی بھی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔ راولپنڈی کیلئے تانیہ سعید نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔وہ اس پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ 24 اپریل بروز بدھ میچز میں کراچی بمقابلہ راولپنڈی اقبال اسٹیڈیم، ملتان بمقابلہ پشاور بوہڑانوالی گراؤنڈ اور کوئٹہ بمقابلہ لاہور - جواد کلب گراؤنڈ میں منعقد ہونگے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں