کرکٹ کے ساتھ ہاکی،فٹبال،اتھلیٹکس،بیڈمنٹن ودیگر کھیلوں کو اجاگرکریں گی:صوبائی وزیر سپورٹس ویوتھ آفیئرز فیصل ایوب کھوکھو

جمعرات 25 اپریل 2024 21:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) صوبائی وزیر سپورٹس ویوتھ آفیئرز فیصل ایوب کھوکھو نے کہا ہے کہ کرکٹ کے ساتھ ہاکی،فٹبال،اتھلیٹکس،بیڈمنٹن ودیگر کھیلوں کو اجاگرکریں گے۔پنجاب جلد ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا۔پنجاب لیگ دوردرازکے بچوں کی ٹیلنٹ ہنٹنگ کرے گا۔پانچ سو اتھلیٹکس تیار کریں گے ۔ فٹبال گرائونڈ بنائیں گے جبکہ سپورٹس کمپلیکسز کو آباد کریں گے۔

سپورٹس کے شعبہ میں مرمت وبحالی کے لئے بجٹ رکھیں گیکھیلوں کے میدان آباد کرکے ہسپتالوں کو ویران بنائیں گے۔ ڈویژن بھر کے سپورٹس کمپلیکسز اور کھیلوں کے میدانوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا ہر ضلع میں یونین کونسل کی سطح سے صوبائی لیول تک 16 کھیلوں پر مشتمل پنجاب لیگ کرائی جائے گی جس میں نچلی سطح سے ٹیلنٹ اجاگرکرنا مقصد ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب لیگ کوصوبہ کا کامیاب ترین ایونٹ بنایا جائے گا جس کے لئے فی الفور اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے موقع پرکمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔کمشنر سلوت سعید،ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصور خاں نیازی،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران اور تحصیل سپورٹس آفیسرز موجودتھے۔

صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ کو کھیلوں کا مرکز بنانا ترجیح ہے جس کے لئے وہ خود ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز واضلاع کے دورے کرکے سپورٹس افسران کو ٹاسک تفویض کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی قیادت میں ڈویژن میں کھیلوں کی جاری سرگرمیاں احسن اقدام ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں ملٹی پرپز گرائونڈز بھی بنانے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر کے سپورٹس افسران کمربستہ ہوجائیں کیونکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے اورکھیلیں صحت مند معاشرہ کے قیام کاباعث ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کی اورکھیلوں کی ترویج ترقی میں میڈیا نمائندگان کے تعاون کو سراہا۔انہوں میڈیا نمائندگان سے کہا کہ وہ پنجاب لیگ کی تشہیر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس میں حصہ لے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو کھیلوں کے حوالے سے مثالی بنائیں گے۔گزشتہ ہفتہ لاہور میں بیس بال کے میچز کرائے گئے۔انٹرنیشنل کوچز مدعو کئے جبکہ مقامی کوچز کی سروسز دوبارہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس سہولت سب کے لئے دستیاب ہوگی۔انڈومنٹ فنڈ کو 2 سے 4، ارب کردیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کرسپورٹس کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں۔اعلی تعلیم کے ساتھ سپورٹس پر بھی فوکس کی ضرورت ہے۔کھلاڑیوں کے مستقبل کو بھی محفوظ بنانا ہے اس ضمن میں پورے پنجاب کا وزٹ کروں گا۔محکمہ سپورٹس کے سٹاف کا خیال رکھیں گے۔مسلم لیگی رہنما رانا علی عباس،فقیر حسین ڈوگر،رانا احمد شہریار،میاں ضیاء الرحمن ودیگر بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں