اٹالین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان کے وفدکا جامعہ قراقرم کا دورہ،تعلیم وتحقیق کے حوالے سے دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق

بدھ 22 مئی 2024 23:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) اٹالین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان کے وفدنے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق وفد میں اٹالین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان و افغانستان کے ہیڈ فرانسیسکو زاٹا، این آر ایم کے انوئرمنٹل سپیشلسٹ عمران اشرف، گلگت بلتستان کے ریجنل منیجر عار ف حسین شامل تھے۔

وفد نے وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں وائس چانسلر کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی آفیسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں یونیورسٹی میں جاری تعلیمی وتحقیقی امور سے متعلق وفد کو آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آن لائن گفتگو کرتے ہوئے تعلیمی وتحقیقی حوالے سے دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر زور دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی بین الاقوامی اعلیٰ تعلیمی وتحقیقی اداروں کے ساتھ کام کرنا یونیورسٹی کا بنیادی وژن میں شامل ہے جس کے تحت جامعہ مختلف بین االاقوامی تعلیمی وتحقیقی اداروں کے ساتھ کام کررہی ہے۔

وفد نے جامعہ کے ساتھ مل کر گلیشیئر اینڈ واٹر کے حوالے سے مستقبل قریب میں پروجیکٹ پر کام کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے خطے میں جامعہ قراقرم کی جانب سے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ملاقات کے اختتام پر وفد کو رجسٹرار کے آئی یو نے وائس چانسلر کی جانب سے پاک چین دوستی پر لکھی ہوئی تصنیف بھی پیش کی۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں