حکومت پاکستان کی طرف سے حق حقدار تک مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے،ثاقب حسین

مقصد صدقات ، خیرات اور عطیات دینے سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے، بیان

پیر 27 فروری 2017 20:46

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء) ضلع گلگت میں وزارت اطلاعات و نشریا ت حکومت پاکستان کی طرف سے حق حقدار تک مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد صدقات ، خیرات اور عطیات دینے سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار کوارڈینیٹر حق حقدار تک گلگت بلتستان ثاقب حسین نے اپنے ایک اخباری بیان میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ عوام اس بات کا اطمینان کریں کہ ان کے دئیے گئے عطیات ، صدقات اور خیرات جس مقصد کیلئے دئیے گئے ہیں اسی پر خرچ ہو رہے ہوں ، کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ اللہ کی رضا کیلئے مستحقین کیلئے جو رقم دے رہے ہیں وہ انہیں کے خلاف دہشتگردی میں تو استعمال نہیں ہو رہی ہے، پاکستان کے ادارے (نیکٹا ) کے حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے ان چار بڑے ممالک میں ہوتا ہے جہاں کی عوام سالانہ 554ارب روپے صدقات و خیرات کی مد میں لوگوں اور اداروں کو عطیہ کرتے ہیں ، اور اس خطیر رقم کا 80 فیصد فلاحی سرگرمیوں کے بجائے ملک میں دہشتگردی ، انتہا پسندی اور فلاحی اداروں کے اضافی اخراجات میں خرچ ہوتے ہیں، اور اسی طرح حقدار کو اسکا حق نہیں پہنچتا ، ایسی صورتحال کے پیش نظر عوام اپنے عطیات رجسٹرد اور با اعتماد فلاحی اداروں کو دیں ۔

(جاری ہے)

نیکٹا کی طرف سے تجویز ہے کہ عطیات دینے والے ، وصول کنندہ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں کہ کس مقصد کیلئے یہ رقم استعمال ہو رہی ہے ، بعض ادارے ، شرپسند عناصر اور بہروپئے ، عوام کے چندے کے بارے لا علمی او رمعصومیت کا غلط فائدہ اٹھا کر انسانیت کی خدمت کی بجائے دہشتگردی ، فرقہ واریت اور سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے گلگت کی عوام ، علماء کرام ، صحافی حضرات ، سرکاری ملازمین اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ اس کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کا ساتھ دیں ، اور ایسے مشتبہ افراد کی نشاندہی کریں جو ایسے فعل میں ملوث ہیں۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں