حافظ آباد،کلاس نہم اور دہم کے امتحانی فارم کی پراسسنگ فیس 295کئے جانے اور رجسٹریشن فیس کے ساتھ اسناد فیس میں بھی اضافہ پر طلبہ و طالبات اور والدین میں شدید غم وغصہ کی لہر سرایت کرگئی

منگل 25 نومبر 2014 23:31

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء)گوجرانوالہ بورڈ کی جانب سے کلاس نہم اور کلاس دہم کے امتحانات کے فارم جمع کروانے کی پراسسنگ فیس 100روپے سے بڑھا کر 295کئے جانے اور رجسٹریشن فیس کے ساتھ اسناد کی فیس میں بھی اضافہ کئے جانے پر سینکڑوں طلبہ و طالبات اور انکے والدین میں شدید غم وغصہ کی لہر سرایت کرگئی۔ متاثرہ طلبہ و طالبات اور انکے والدین نے کہا ہے کہ ایک طرف وزیر اعلی شہباز شریف طلبہ و طالبات کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے بلند بانگ دعوے کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب تعلیمی بورڈز نے داخلہ /رجسٹریشن فیسوں میں ہوشرباء اضافہ کے ساتھ ساتھ پراسسنگ فیس میں بھی دوگنا اضافہ کردیا ہے جس سے غریب طلبہ و طالبات اور انکے والدین پریشان ہوکر رہ گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اسناد کی فیس وصول نہ کی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

لیکن تعلیم کو عام اور مفت کرنے کی دعوے دار مسلم لیگ ن کی حکومت کے دور میں تعلیمی بورڈز نے داخلہ فیسوں/رجسٹریشن فیسوں اور اسناد کے نام پر فیسوں کی وصولی سے جو لوٹ مار مچا رکھی ہے اس نے ن لیگ حکومت کی ساکھ کو زبردست متاثر کیا ہے۔ انھوں نے خادم پنجاب سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی بورڈز کی جانب سے روز بروز فیسوں میں اضافہ کا فوری نوٹس لیکر فیسوں کو کم کیا جائے ۔مزید برآں اسناد کے نام پر فیسوں کی وصولی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں