سپیکم سوسائٹی کے زیراہتمام ہری پور میں امن کے عالمی ہفتہ کی تقریبات کے سلسلہ میں امن واک کا اہتمام

بدھ 26 ستمبر 2018 14:42

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) یونیورسٹی آف ہری پور کی سپیکم سوسائٹی کے زیراہتمام ہری پور میں امن کے عالمی ہفتہ کی تقریبات کے سلسلہ میں امن واک کا اہتمام کیا گیا۔ یہ واک شیرانوالہ گیٹ سے شروع ہو کر صدیق اکبر چوک میں اختتام پذیر ہوئی جس میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی اور مختلف نجی سکولوں کے بچوں نے شرکت کی جن میں الائیڈ پبلک سکول، ہزارہ پبلک سکول اور پنجاب گروپ آف کالجز شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکم سوسائٹی کے چیئرمین اور شعبہ علوم اسلامیہ و دینیہ کے صدر ڈاکٹر مھیمن کا کہنا تھا کہ امن کا عالمی ہفتہ منانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اس کے ذریعہ دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں، ہم ہر قسم کی انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہیں، ہم امن ، محبت، احترام، رواداری اور برداشت کا فروغ چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر مھیمن نے اس موقع پر نجی سکولوں، ضلعی حکومت، ضلعی پولیس اور میڈیا کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ سپیکم کے تحت امن کے قیام، سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی خاطر اس طرح کے تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں