پوسٹ گریجویٹ کالج میں تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب، صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان مہمان خصوصی تھے

جمعرات 25 اپریل 2019 00:01

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن پروفیسر ظہورالحق، ڈپٹی ڈائریکٹر منیر سواتی، کیپلا کے صوبائی صدر حمید آفریدی، تحصیل ناظم طارق خان سمیت دیگر سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات اور کالج کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ممتاز شاعر، ادیب اور محقق پروفیسر وحید قریشی نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے تقریب کے باقاعدہ آغاز کے بعد کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اشفاق احمد نے سپاسنامہ پیش کیا جس میں مہمان خصوصی سے ایڈمنسٹریشن بلاک، ملٹی پرپز ہال، اکیڈمک بلاک اور کالج کیلئے بس کا مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کالج انتظامیہ کے مطالبات منظور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے حکومت نے نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سہولیات فراہمی پر نہ صرف اربوں روپے خرچ کئے بلکہ دیگر محکمانہ اصلاحات بھی کی ہیں اور کی جا رہی ہیں، اس وقت صرف ہری پور میں جدید ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ماڈل سکول کی تعمیر سمیت اربوں روپے کے تعلیمی منصوبوں پر کام جاری ہے، انشاء الله ان منصوبوں کی تکمیل سے تعلیمی شعبہ میں ایک انقلاب برپا ہو گا۔

قبل ازیں انہوں نے کالج کیلئے سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ کا افتتاح کیا۔ اکبر ایوب خان نے تقریب کے آخر میں مختلف نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں