مہران یونیورسٹی ماڈل یونائیٹیڈ نیشنس کے چھٹے سیشن کی افتتاحی تقریب منعقد

جمعہ 24 جنوری 2020 23:15

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) مہران یونیورسٹی ماڈل یونائیٹیڈ نیشنس (MUET MUN 2020) کے چھٹے سیشن کی شاندار افتتاحی تقریب جامعہ کے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ اقوامِ متحدہ کے علامتی اجلاس کے سیشن 3 دن جاری رہیں گے جس میں جامعہ مہران کے مرکزی کیمپس سمیت خیرپور میرس کیمپس کے طلبہ و طالبات مختلف ممالک کے نمائندگان کے طور پر اپنے اپنے ملک کا کیس پیش کریں گے اور دنیا کو درپیش مسائل اور چئلینجز پر بحث مباحثہ کرنے کے بعد حل بھی تجویز کریں گے۔

افتتاحی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے جامعہ مہران کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ مسلسل چھٹا سیشن منعقد کرنااپنے آپ میں خودایک کامیابی ہے اور دنیا میں اس وقت اقوامِ متحدہ نے جو 18 مقاصد حاصل کرنے کا ٹاسک دیا ہے ان میں دیر پا ترقی اہم مقاصد میں سے ایک ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں بہترین انجینئرز کے ساتھ ساتھ بہتر انسان اور مستقبل کے لیڈر پیدا کرنے ہیں اور مستقبل کے سفیر آپ طالبِ علم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں نوجوانوں کی بہت بڑی آبادی والا ملک ہے، اس لئے روزگار کامسئلہ ایک بہت بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈجیٹل ٹیکنالوجی کے سبب اب روزگار کے مواقع سُکڑ رہے ہیں اور بیروزگاری میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے بیروزگاری کی طرح ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسئلہ ہو یا قدرتی وسائل کا کم ہونا ہو، یہ محض اس لئے ہوا ہے کہ ہم نے قدرتی نعمتوں کو استعمال کرنے میں احتیاط سے کام نہیں لیا، پانی جیسی نعمت کے بغیر انسان ذات کا جینا ممکن نہیں لیکن ہم پانی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے وسائل آئندہ نسلوں کی امانت ہیں، اگر ہم نے ان کے استعمال میں احتیاط نہ برتا تو اس کا خمیازہ آئندہ نسلوں کو بھگتنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، ہمیں بھی اپنی عادات تبدیل کرنا پڑیں گی، بہ صورتِ دیگر ہم زندگی کی جنگ ہار جائیں گے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے کہا کہ اقوامِ مدحدہ کے علامتی سیشن کا بنیاد پاکستان میں پہلی بار جامعہ مہران کی جانب سے ڈالا گیا، یہ تصور امریکا کے تعلیمی اداروں سے یہاں متعارف کرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیشن میں 500 سے زیادہ نمائندگان شرکت کر رہے ہیں جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کے ساتھ سماجی خدمات اور دنیا کو درپیش مسائل پر بات کرنا، ان کے حل تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ بحث و مباحثے کرنے سے طلبہ میں خود اعتمادی پیدا ہوگی اور مستقبل کے لیڈر آپ طلبہ ہی ہیں اور آپ موجودہ دور کے مسائل کو کس نظر سے دیکھتے ہیں، یہ سیشن اس ظمن میں بھر پور مددگار ثابت ہوں گے انہوں نے کہا کہ یو این کے مباحثات کے ساتھ ساتھ شام کے اوقات میں موسیقی کی محفلیں بھی سجائی جائیں گی انہوں نے کہا کہ ماڈل یو این 2020 کی اختتامی تقریب بروزِ اتوار شام کے وقت مرکزی آدیٹوریم میں منعقد کی جائے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں