سندھ حکومت محکمہ آبپاشی کی ترقی چاہتی ہے، جس کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے،جام خان شورو

محکمہ میں چلنے والی سکیمیں سست روی کا شکار ہیں ، اگر بجٹ کے مسائل ہیں تو انہیں آگاہ کیا جائے تاکہ ان سکیموں کا بجٹ جاری کیا جا سکے،وزیرآبپاشی سندھ

پیر 13 مئی 2024 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) محکمہ آبپاشی سندھ کے وزیر جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت محکمہ آبپاشی کی ترقی چاہتی ہے، جس کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔وہ سیڈا سیکریٹریٹ حیدرآباد مین آبپاشی افسران کی اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اجلاس مین محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری ظریف اقبال کھیڑو، سیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر پریتم داس، ڈویلپمنٹ ون کے چیف انجینئر منصور احمد میمن، سکھر لیفٹ بینک کے چیف انجینئر سہیل بلوچ، گڈو بیراج کے چیف انجینئر مختیار ابڑو، مکینیکل کے چیف انجینئر توصیف شیخ سمیت سینئر افسران شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ سندھ حکومت محکمہ آبپاشی کی ترقی چاہتی ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ میں چلنے والی سکیمیں سست روی کا شکار ہیں جنہیں جلد مکمل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر بجٹ کے مسائل ہیں تو انہیں آگاہ کیا جائے تاکہ ان سکیموں کا بجٹ جاری کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ جن ا سکیمیون کو 5 سال سے زائد گزر چکے ہیں انہیں بند کیا جائے۔

جبکہ نئے مالی سال کی اسکیمیں ترجیحی بنیادوں پر تیار کر کے پیش کی جائیں تاکہ ان کی منظوری دی جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی سکیموں میں فلڈ، ڈرینج اور دریائے سندھ کے پشتون کی اسکیموں کو الگ سے بھجوایا جائے۔محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری ظریف اقبال کھیڑو نے کہا کہ انہوں نے مختلف علاقوں میں چلنے والی سکیموں کا جائزہ لیا ہے جو کہ مختلف وجوہات کی بنا پر عرصہ دراز سے چل رہی ہیں اور انہیں بند کر کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو خط کے ذریعے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ریجنز جلد از جلد اپنی سکیموں کو محکمہ کو ارسال کریں تاکہ انہیں منظوری کے لئے بھجوایا جا سکے۔سیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر پریتم داس نے کہا کہ اسکیموں میں پرانے نرخوں کی وجہ سے عمل درآمد میں مسائل ہیں، جنہیں اب اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔چیف انجینئر منصور احمد میمن نے کہا کہ ریٹ ریویژن سے پہلے پرانی سکیمیں بند کر دی جائیں ورنہ پرانی سکیمیں نئے نرخ مانگیں گی اور نئے مسائل پیدا ہوں گے۔ اجلاس میں 16 مئی کو کراچی میں صوبائی وزیر کی صدارت مین اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں تمام انجینئرز کو اپنے تفصیلی کاغذات ترجیحی بنیادوں پر لانے کی ہدایت کی گئی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں