وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سینٹر فار آٹزم، ریہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ سندھ کا افتتاح کردیا

اتوار 12 مئی 2024 19:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، صوبے میں سینٹر فار آٹزم ری ہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ سندھ کا قیام 2018 میں عمل میں لایا گیا تھا جو کہ انسانی خدمت کے جذبے پر کاربند ہے، سی آرٹس نے 2018 میں اپنے سفر کا آغاز کرتے ہی بہت جلد ترقی کی منزلیں طے کیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج لطیف آباد حیدرآباد میں سی آرٹس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینٹر فار آٹزم، ریہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ سندھ کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 2018 میں صرف ایک آٹزم سینٹر تھا اور اب ان کی تعداد 6 ہوگئی ہے اور ان 6 مراکز میں 600 افراد زیر تربیت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان سینٹرز میں آٹزم سے متاثرہ بچوں، نوعمروں اور بالغ افراد کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر ی تربیت دی جاتی ہے، میں اس ادارے کی خدمات کا دل سے اعتراف کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خاص کر گمبٹ پروگرام کا ذکر کرنا چاہیں گے جہاں بچپن تا جوانی تک آٹزم کے شکار افراد کی بحالی کے حوالے سے خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ سی۔

آرٹس تعلیم و ہنر کی تربیت کے ساتھ اب روزگار کے مواقع بھی پیدا کررہا ہے اور اس انتہائی غیرمعمولی سفر کو سی۔ آرٹس نے بڑی کامیابی سے طے کیا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں ان مصنوعات کو دیکھ کر بہت حیران اور بہت خوش بھی ہوں کہ کس مہارت سے انہیں بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے اس مرکز سے 250 سے 300 افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ وسائل کی کمی کے باوجود ان اداروں کا قیام انسانیت سے محبت کی بڑی مثال ہے جہاں آٹزم کے شکار بچوں، نوعمر اور نوجوانوں کی صلاحیت کو نکھارا جاتاہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان اداروں کا قیام آٹزم کے شکار بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے قابل ستائش ہے اور سی۔ آرٹس آٹزم کے شکار افراد اور ان کے خاندان کے لیے ایک اصلاح گاہ بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹزم کے شکار بچوں میں بڑی صلاحیت ہوتی ہے بس اسے نکھارنے کی ضرورت ہے اور آٹزم سے متاثرہ افراد کے لیے رہائشی اور پارکس کی سہولت قابل تعریف اقدام ہے۔ حیدرآباد میں آٹزم کے شکار افراد کے لیے یہ ادارہ ایک طرح امید کی کرن ہے۔ تقریب میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، ناصر شاہ، سید سردار شاہ اور دیگر شریک تھے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ کی آمد پر صوبائی سیکریٹری طاحہ فاروقی، ڈاکٹر نبیلہ سومرو، چیف کنسلٹنٹ ارم و دیگر نے استقبال کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں