{ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت کا شکار ہیں،عبدالجبار خان

بدھ 15 مئی 2024 20:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت کا شکار ہیں۔ حیدرآبا دمیں 12سے 14گھنٹے لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے ، شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے گھروں میں موجود خواتین کے علاوہ کاروبار بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک جانب تو بجلی کی قیمتوںمیں تیزی سے اضافے کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف بجلی کی لوڈشیڈنگ نے جینا دوبھر کردیا ہے۔

گرمی میں ٹرانسفارمر خراب ہوجانے کی وجہ سے بھی گنجان آباد علاقوں اور کچی آبادیوں میں بجلی نہ ہونے سے بڑی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صورتحال پرقابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ اس مرتبہ جب پوری دنیا مصنوعی تبدیلی کی وجہ سے شدید گرمی اور شدید سردی سے دوچار ہے تو اس کا مقابلہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان صنعتوں کو ہورہا ہے، صنعتی پیداوار متاثر ہورہی ہے، بیشتر علاقوںمیں انڈسٹری، ملوں، فیکٹریوں میں شفٹیں کم کردی گئی ہیں جس سے بیروزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے ، پاورلومز کے کاروبار سے وابستہ ہزاروں افراد بجلی نہ ہونے سے پریشانی کا شکار ہیں، لہٰذا فوری طورپر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں