وزیر آبپاشی جام خان شورو کا کوٹری بیراج کا دورہ، سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

بدھ 17 ستمبر 2025 22:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) سندھ کے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کوٹری بیراج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب کی موجودہ صورتحال کا بغور معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی ظریف اقبال کھیڑو، چیف انجنیئر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ وزیر آبپاشی جام خان شورو نے جامشورو فرنٹ بند کا جدید 3D میپنگ اور LiDAR سسٹم کے ذریعے معائنہ کیا تاکہ بند کی ساخت اور پانی کے بہاؤ کا جامع ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔

چیف انجنیئر نے دریائے سندھ کے کوٹری بیراج پر ممکنہ سیلابی حالات کے بارے میں وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران بتایا گیا کہ 19 اور 20 ستمبر کے درمیان کوٹری بیراج پر 4 سے ساڑھے 4 لاکھ کیوسک پانی پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ فی الحال پانی کا بہاؤ تقریباً 3 لاکھ کیوسک ہے۔

(جاری ہے)

وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ صورتحال پر کڑی نگرانی جاری ہے اور تمام افسران الرٹ حالت میں ہیں۔

ان کے مطابق، کوٹری بیراج پر موجودہ وقت میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے تاہم کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ ماہرین کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ LiDAR ٹیکنالوجی کے ذریعے زمین کی پروفائلنگ اور کمپیکشن کا درست اور جدید ڈیٹا حاصل ہوگا، جس سے بند کی مضبوطی اور پانی کے بہاؤ کے انتظام میں مزید بہتری آئے گی۔ سندھ حکومت کی جانب سے سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس میں بندوں کی 24 گھنٹے نگرانی، فوکل پرسنز کی تعیناتی، اور ریسکیو اور ریلیف آپریشنز شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر مختلف متعلقہ محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ہر ممکنہ خطرہ پیشگی روک سکیں۔ جام خان شورو نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور عوام کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں