میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے نیشنل ہائی وے تک 1.6 ارب لاگت کے پل کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سو دن میں پروجیکٹ مکمل کرنے کا اعلان

بدھ 17 ستمبر 2025 19:56

میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے نیشنل ہائی وے تک 1.6 ارب لاگت کے پل کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سو دن میں پروجیکٹ مکمل کرنے کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 1.6 ارب روپے کی لاگت سے نیشنل ہائی وے تک فلائی اوور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ٹاؤن ممبر و پارلیمانی لیڈر ابراہیم حیدری ٹاؤن سردار اختر عارفانی، چیئرمین یوسی۔

(جاری ہے)

3 کیٹل کالونی جاوید اقبال کاکو، رسول خان سواتی اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلائی اوور خالد بن ولید روڈ پر ریلوے لائن کے اوپر تعمیر کیا جائے گا جو N-5 کو مہران ہائی وے سے جوڑے گا،یہ اہم ترقیاتی منصوبہ سو دن میں مکمل کیا جائے گا جس سے لاکھوں شہریوں کو سفری سہولت حاصل ہوگی،برساتی پانی کی نکاسی کے لیے ایک میٹر چوڑی لائن بھی بچھائی جائے گی تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو،شہر میں جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس منصوبے پر کام کا آغاز کراچی کو جدید شہر بنانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے،شہریوں کو ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات جلد حاصل ہوں گے اور ٹریفک کی روانی اور سفر میں آسانی کے لیے اس قسم کے اقدامات جاری رکھیں گے، بھینس کالونی سے مہران ہائی وے کے درمیان فلائی اوور کی تعمیر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو شہریوں کے لیے سفر کو مزید آسان بنائے گی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بھینس کالونی کے مکینوں کو ایک بڑا تحفہ دیا ہے، مقامی قیادت نے یہاں ریلوے کراسنگ پر حادثات کی نشاندہی کی تھی اور فلائی اوور کی ضرورت پر زور دیا تھا، اسی وجہ سے آج 1.6 ارب روپے کی لاگت سے چار لین پر مشتمل فلائی اوور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے،یہ فلائی اوور کے ایم سی کی جانب سے تعمیر کیا جائے گا اور اس کی تکمیل کے لیے 17 ستمبر سے سو دن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، انہوں نے کہا ہم دعا گو ہیں کہ اللہ اس منصوبے کو سازشوں سے محفوظ رکھے اور ملیر کے باسیوں کو جلد از جلد اس کی تکمیل کی خوشخبری ملے، اس فلائی اوور کی تعمیر سے نہ صرف اس علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ حادثات میں بھی نمایاں کمی آئے گی، مہران ہائی وے بھی ہماری حکومت نے تعمیر کیا ہے اور بہت جلد عوام کو اس منصوبے کے بڑے فوائد سے بھی آگاہ کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور یہ منصوبے کراچی کو ایک جدید اور محفوظ شہر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے،کچھ عناصر شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں، اچھے کام کو سراہنے کے بجائے معمولی نقص پر شور مچایا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کے بارے میں پروپیگنڈا کیا گیا کہ یہ سڑک بہہ گئی ہے لیکن جب ہم نے موقع پر جا کر معائنہ کیا تو صورتحال اس کے برعکس نکلی،بعض منافق کبھی امن و امان کا مسئلہ بتاتے ہیں، کبھی کہتے ہیں سڑک دھنس گئی ہے، کبھی اور کوئی بات کرتے ہیں، ان کا مقصد صرف عوام کو گمراہ کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو استعمال کرنے والے شہریوں اور ایئرپورٹ جانے والوں کی سہولت کے لیے عظیم پورہ پر ایک نیا پل تعمیر کیا جائے گا جس کی تعمیر اگلے چھ ماہ میں مکمل کردی جائے گی،ہماری حکومت ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے اور عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قائدآباد میں مرغی خانہ پل کے اطراف چار لین پر مشتمل نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کے لیے فنڈز دستیاب ہیں اور نیت بھی موجود ہے، ہم کام کرکے دکھائیں گے،انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے علاقوں میں ترقیاتی کام نہیں کر رہے وہ اپنا قبلہ درست کریں، کچھ عناصر یہ سمجھتے ہیں کہ کراچی صرف ان کا ہے مگر انہوں نے کبھی عوام کے لیے یہ سہولتیں فراہم نہیں کیں، یہی لوگ آج مایوسی پھیلا رہے ہیں جبکہ ان لوگوں نے حکومت میں رہ کر بھی کوئی مثبت کام نہیں کیا،میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں لیاقت آباد تا ڈاکخانہ سڑک تعمیر کی گئی تھی جو بعد میں دھنس گئی لیکن اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرتا،ہماری حکومت کراچی کے گلی محلوں کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اندرونی گلیوں کی تعمیر بھی جاری ہے،اندرونی گلیاں بنانے کی بنیادی ذمہ داری ٹاؤنز کی ہے لیکن شہری سہولت کے پیشِ نظر ہم اپنی سطح پر بھی کام کروا رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے،میئر کراچی نے کہا کہ ہم گیارہ بجے پریس کانفرنس دوسروں کی ناکامیوں کی تشہیر کے لیے نہیں بلکہ اپنے کام عوام کے سامنے رکھنے کے لیے کرتے ہیں، وفاقی حکومت نے کے فور منصوبے کے لیے مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کئے، اسی لیے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے،انہوں نے کہا کہ پرانی سبزی منڈی کے سامنے کے فور آگمینٹیشن کا کام جاری ہے جبکہ صرف ساڑھے نو ماہ میں نئی حب کینال تعمیر کرکے فراہم کردی گئی ہے، حالیہ بارشوں میں نئی حب کینال کا بیس میٹر کا حصہ متاثر ہوا تو بعض عناصر نے واویلا مچایا،پرانی حب کینال دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد حب سے 200 ایم جی ڈی پانی شہر کو فراہم کیا جائے گاجو کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں ایم کیو ایم سے ڈیمانڈ کرتا ہوں کہ جس طرح ہم وفاقی حکومت سے لڑ رہے ہیں، وہ بھی آگے بڑھ کر کراچی کے عوام کے لیے فنڈز کا مطالبہ کریں، اسی طرح جماعت اسلامی سے بھی کہتا ہوں کہ وہ وفاق سے یہ مطالبہ کرے کہ کراچی کو فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا سکیں،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے اگر واقعی شہر کے مسائل حل کرنے کے خواہاں ہیں تو وہ پانی کے اضافے کے لئے کے فور منصوبے کی تکمیل کے لیے وفاق سے مطالبہ کریں تاکہ کراچی کے شہریوں کو مستقل بنیادوں پر پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی نے بلاتفریق ہر یوسی میں فیومیگیشن کے لیے مشینیں فراہم کی ہیں تاکہ ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے،انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ صرف نعرے بازی کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوامی خدمت کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں،منافقوں کے لیے میں اکیلا ہی کافی ہوں کیونکہ ان کا کام صرف پروپیگنڈا ہے جبکہ ہمارا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل کا کوئی افسر لاکھوں گیلن پانی کراچی کے عوام کے حصے سے نہیں کاٹ سکتا، پانی عوام کا بنیادی حق ہے اور اس پر کسی کو قبضہ یا اختیار نہیں دیا جا سکتا،دنیا بھر میں قدرتی آفات آتی ہیں اور انسانوں پر مشکل وقت گزرتا ہے لیکن وہاں سیاست نہیں کی جاتی، انہوں نے کہا کہ گجرات میں جب آفات آئیں تو ہم نے سیاست نہیں کی مگر کراچی میں معمولی مسئلے پر بھی کچھ عناصر سیاست کرنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ شاہراہ بھٹو سے متعلق خبر ہر جگہ نشر کی گئی لیکن کیا کسی نے دیکھا کہ کتنے ٹی وی چینلز نے ملتان کی موٹروے سے متعلق خبر دی، یہ دہرا معیار عوام کے سامنے ہے،انہوں نے کہا کہ ہم منافقت کی سیاست نہیں کرتے بلکہ عوامی خدمت کو ہی اصل مقصد سمجھتے ہیں، ہمارا کام شہر کو بہتر سہولیات دینا ہے، نہ کہ پروپیگنڈے کے ذریعے پوائنٹ اسکورنگ کرنا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں