ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.17 فیصد کمی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 13:50

ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.17 فیصد کمی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) رواں مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں 1.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اور اگست 2018ء کے دوران ملک میں صنعتی سرگرمیاں معمولی سست روی کا شکار رہیں اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.17 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق اس عرصہ میں کوئلہ، پٹرولیم مصنوعات، نان میٹالک منرلز اور فرٹیلائزرز کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم اس کے برعکس اشیائے خوراک، بیوریجز، تمباکو اور الیکٹرانکس کی پیداوار میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اعدادوشمارکے مطابق جولائی اور اگست میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 0.54 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی تھی۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ 58.82 فیصد کمی لکڑی سے بنی اشیاء کی پیداوار میں ریکارڈ کی گئی جبکہ فارماسیوٹیکل مصنوعات کی پیداوار میں 8.66 اور فرٹیلائیزر کی پیداوار میں 8.43 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح آٹوموبائل کی پیداوار میں 2.87 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔ اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں الیکٹرانکس، انجنئیرنگ مصنوعات، فوڈ، مشروبات، تمباکو، پیپربورڈز، ربڑ اور لیدر مصنوعات کی پیداوار میں بالترتیب 15.12، 11.65، 7.71، 5.82 اور 1.84 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ قومی اقتصادی کونسل نے جاری مالی سال کیلئے بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بڑھوتری کی شرح 8.1 فیصد مقرر کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں